ایف پی سی سی آئی کے انتخاب میں خواتین کی نشست پر دھاندلی کا انکشاف

803

نائب صدر کی نا اہل امیدوار کے مقابلے میں نازلی عابد کے ساتھ ناانصافی کی گئی، حنا منصب خان
گنتی کے بعد مردوں کے بیلٹ بکس ایک ووٹ برآمد کرکے نااہل امیدوار کو جتوایا گیا، مہرین الٰہی
ایف پی سی سی آئی میں برسرِاقتدار ٹولہ مسلسل چوتھی بار ہا رس ٹریڈنگ اور دھاندلی کا مرتکب ہواہے
سیدہ بانو کو ڈائریکٹر جنرل آف ٹریڈ آرگنائیزیشن نے ایف پی سی سی آئی کے الیکشن کے لیے نااہل قرار دیا تھا
کراچی: پاکستان بزنس گروپ کی رہنما اور اٹک چیمبر آف کامرس کی صدر حنا منصب خان اورمہرین الٰہی نے فیڈریشن آف چیمبر زآف کامرس اینڈ انڈسٹریز کے انتخاب میںدھاندلی اور بے ایمانی کرکے نائب صدر کی امیدوار نازلی عابد کو شکست سے دوچار کرنے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ نائب صدر کی امیدوار نازلی عابد کے مقابلے میں سیدہ بانو کو ڈائریکٹر جنرل آف ٹریڈ آرگنائیزیشن نے ایف پی سی سی آئی کے الیکشن کے لیے نااہل قرار دیا تھا اس سلسلے میں 23نومبر اور 13 دسمبر 2017ءکو 2 مختلف آرڈر جاری ہوئے تھے ، یہ آڈرز ایف پی سی سی آئی کے دفتر میں وقت پر وصول بھی ہوئے لیکن ایف پی سی سی آئی کی الیکشن کے ججز نے اسے نظرانداز کیا۔ دوسری جانب الیکشن کے نتائج کے مطابق نازلی عابد اور سیدہ بانو کو 10 دس ووٹ ملے تھے ، اس طرح نائب صدر خواتین کی نشست پر دونوں امیدواروں کے ووٹ برابر تھے مگر گنتی کے بعد میں خیبر پختونخوا کے بیلٹ بکس سے ایک ووٹ برآمد کرکے نااہل امیدوار سیدہ بانو کو غیر قانونی طور پر جتوادیا گیا۔ پاکستان بزنس گروپ کی رہنماﺅں حنا منصب خان اور مہرین الٰہی نے فیڈریشن الیکشن کے ججز سے سوال کیا یہ ایک اضافی ووٹ مردوں کے بیلٹ بکس سے کیسے برآمد ہوا؟ اس دھاندلی کا ذمہ دار کو ن ہے ؟ ۔ پاکستان بزنس گروپ کی رہنماﺅں حنا منصب خان اور مہرین الٰہی کا کہنا ہے کہ ایف پی سی سی آئی میں برسرِاقتدار ٹولے نے فیڈریشن کے الیکشن میں ہا رس ٹریڈنگ کی روایت قائم کرکے مسلسل 4 باردھاندلی کا مرتکب ہواہے جس کا خصوصی نشانہ خواتین امیدواروں کو بنایا جاتا ہے۔ اس طرح نائب صدر کی امیدوار نازلی عابد کے ساتھ حق تلفی او ناانصافی کی گئی ۔ حنا منصب خان اور مہرین الٰہی نے ججز سے بھی اپیل کی کہ فیڈریشن کے انتخابات میں اس دھاندلی اور ہارس ٹریڈنگ پر سوموٹو ایکشن لیں تاکہ فیڈریشن کے الیکشن سے دھاندلی اور ہارس ٹریڈنگ کا خاتمہ ہو۔ پاکستان بزنس گروپ کی خواتین حنا منصب خان اور مہرین الٰہی نے مزید کہا کہ فیڈریشن میں 3سال سے برسرِ اقتدار ٹولے کے رہنماﺅں کی منظور نظر سیدہ بانو متنازعہ خاتون ہیں، ان پر 13 لاکھ روپے کے کرپشن چارجز کے علاوہ اُن کے خلاف کورٹ میں کئی مقدمات زیر سماعت ہیں۔ ان پر برسرِ اقتدار ٹولے کی خاص دست شفقت کی وجہ بھی سب کو بتائی جائے ۔ پاکستان بزنس گروپ کی رہنماﺅں حنا منصب خان اور مہرین الٰہی نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ اس دھاندلی پر میڈیا کے ساتھ ساتھ عورتوں کی ملکی ، بین الاقوامی ، مقامی فلاحی اداروں، سیاسی جماعتوں اور پارلیمنٹ سمیت ہر پلیٹ فارم کے توسط سے ایف پی سی سی آئی میں عورتوں کے حقوق کی پامالی کےخلاف آواز بلند کریں گی اور تین سال سے برسرِ اقتدار ٹولے کی دھاندلی اور اور کرپشن کو بے نقاب کریں گی ۔