تیل قیمتوں میں اضافہ معیشت اور غریب عوام کو نقصان پہنچائے گا

428

حکومت کی اشرافیہ نوازی اور عوام دشمنی ثابت ہو گئی ہے، اپنی جیبیں مزید بھرنے کیلئے عوام کو نہ لوٹا جائے، معاشی مینیجرز کی نا اہلی کی سزا عوام کو دی جا رہی ہے، اپوزیشن پارٹیاں بھرپور احتجاج کریں

کراچی۔ اسلام آباد چیمبر آف اسمال ٹریڈرز کے سرپرست شاہد رشید بٹ نے کہا ہے کہ حکومت کی جانب سے تیل کی قیمتوں میں حالیہ اضافہ کمزور معیشت اور غریب عوام کو نقصان پہنچائے گا۔ تیل کی قیمتوں میں اضافہ سے حکومت کے بلند بانگ دعووں کی قلعی کھل گئی ہے جبکہ اس کی اشرافیہ نوازی اور عوام دشمنی بھی ثابت ہو گئی ہے۔ تیل کی قیمتوں میں اضافہ فوری طور پر واپس لیا جائے ورنہ زبردست احتجاج کیا جائے گا۔

شاہد رشید بٹ نے یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا کہ حکومت اہم اقتصادی شعبوں میں ضروری اصلاحات اور اشرافیہ پر ٹیکس عائد کرنے کومسلسل کئی سال سے نظر انداز کر رہی ہے، سالانہ کھربوں روپے کی بجلی اور گیس کی چوری روکنے کیلئے کچھ نہیں کیا جا رہا، منی لانڈرنگ اور ملک سے سرمائے کا فرار جاری ہے جبکہ اکنامک مینیجرز کی نا اہلی کی سزا عوام کو دی جا رہی ہے۔

انھوں نے کہا کہ پاکستان میں تیل کی قیمتیں پہلے ہی بہت زیادہ تھیں اور ان میں مزید اضافہ کرکے غریب عوام کو لوٹا جا رہا ہے جو ناقابل قبول ہے۔ اپوزیشن پارٹیاں عوامی مفاد میں اس معاملہ پر بھرپور احتجاج کریں کیونکہ تیل کی قیمتوں میں گزشتہ چھ ماہ سے مسلسل اور بلا جوازاضافہ کیا جا رہا ہے۔ انھوں نے کہا کہ موجودہ حکومت ملکی معیشت کی تباہی کی ذمہ دار ہے مگر اسکی سزا عوام کو دی جا رہی ہے جو پہلے ہی غربت اور مہنگائی کی وجہ سے پریشان ہیں۔