غیر قانونی تعمیرات ،چائنا کٹنگ کے خلاف ایکشن تیز کیا جائے پروفیسر حکیم عسکری

642

تعمیراتی کرائم میں ملوث افراد کے خلاف بلا امتیاز کاروائی کرے جس نے شہر کا انفرا اسٹرکچر تباہ کردیا ہے
کراچی( ویب ڈیسک) خاکسار تحریک پاکستان کے سالار اعلیٰ پرو فیسر حکیم عسکری نے کہا ہے کہ تمام غیر قانونی تعمیرات اور چائنا کٹنگ کے خلاف ایکشن تیز کیا جائے انہوں نے کہا کہ کسی سیاسی دباﺅ میں آئے بغیر تعمیراتی کرائم میں ملوث افراد کے خلاف بلا امتیاز کاروائی کرے جس نے شہر کا انفرا اسٹرکچر تباہ کردیا ہے پرو فیسر حکیم عسکری نے کہا کہ رہائشی پلاٹوں پر غیر قانونی کمرشل تعمیرات سے رہائشی علاقوں کی عوام کا سکون تباہ ہو گیا ہے جبکہ شہر میں پہلے ہی ہزاروں پلاٹوں پر چائنا کٹنگ کر کے شہر کا نقشہ ہی تبدیل کر دیا گیا ہے انہوں نے کہا کہ کراچی میں پہلے ہی پینے کے پانی،بجلی اور گیس کی کمی ہے جبکہ سڑکیں پوری طرح ٹوٹ پھوٹ چکی ہیں سیوریج کا نظام مکمل طور پر تباہ ہو گیا ہے اس کے باوجود یہ اونچی اونچی بلند عمارتیں کیوں اور کیسے تعمیر کی جارہی ہیں پرو فیسر حکیم عسکری نے کہا کہ ایسی تمام غیر قانونی عمارتوں کو منہدم کیا جائے اور ان کی تعمیر کرنے والوں اور ان کے سہولت کاروں کو گرفتار کیا جائے جنہوں نے عوام کو اور حکومتی اداروں کو دھوکہ دے کر ان غیر قانونی عمارتوں کی بکنگ کر کے عوام سے کروڑوں روپے وصول کئے ہیں انہوں نے کہا کہ ان عمارتوں کی تعمیر میں کروڑوں روپے کا واٹر بورڈ کا وہ پانی جو عوام کے پینے کے لئے تھا ان سے ان غیر قانونی عمارتوں کی تعمیر کی گئی ہے پرو فیسر حکیم عسکری نے کہا کہ جس طرح نیب نے کراچی کے ایک معروف بلڈر کے خلاف کاروائی کی ہے اسی طرح سے ایسے دوسرے بلڈرز کے خلاف بھی سخت کاروائی کی جائے جنہوں نے 20,20 سال گزرنے کے باوجود عوام سے پیسے لینے کے بعد بھی نہ تو انہیں رہائشی و کمرشل پروجیکٹس مکمل کرکے قبضہ دیا اور نہ ہی رہا ئشی اسکیموں میں پلاٹ دیئے گئے بلکہ بلڈر نے ایک پروجیکٹ کی بکنگ کے پیسوں سے دوسرا پروجیکٹ شروع کردیا اور دوسرے کے بعد تیسرا مگر ایک بھی پروجیکٹ نہ تو مکمل کیا اور نہ ہی نہیںبک کرانے والوں کو اس کا قبضہ دیا انہوں نے کہا کہ ایسے ادھورے اور نہ مکمل پروجیکٹس گلستان جو ہر ، گلشن اقبال،نارتھ کراچی اور سپر ہائی وے کے علاوہ دیگر علاقوں میں موجود ہیں جو یا تو سالہ سال سے ادھورے پڑے ہیں یا جن کو بلڈرز نے بک کرانے والوں کو قبضہ دینے کے بجائے دوسرے بلڈرز کو فروخت کر دیا ہے پرو فیسر حکیم عسکری نے کہا کہ افسوس کی بات ہے کہ ان پروجیکٹس میں بکنگ کرانے والے اکثر اس دنیا ئے فانی سے کوچ کر گئے ہیں اور جو زندہ ہیں وہ آج تک اپنی ذاتی چھت کے لئے دردر کی ٹھوکریں کھانے پر مجبور ہیں انہوں نے کہا کہ عوام کا پیسہ کھانے والے بلڈرز کے خلاف سخت ترین کاروائی کی جائے تاکہ جعلی بلڈرز آئندہ غیر قانونی تعمیرات نہ کر سکیں اور نہ ہی عوام کو دھوکہ دے سکیں