ممبئی: عمارت میں آگ لگنے سے 4افراد ہلاک، 5زخمی

708

گزشتہ رات بھارت کے شہر ممبئی کی  ایک رہائشی عمارت میں آگ لگنے سے دو بچوں سمیت چار افراد ہلاک  جبکہ پانچ زخمی ہوگئے۔

تفصیلات کے مطابق آگ ممبئی شہر کے علاقے مارول میں  میمون  نامی بلڈنگ کے تیسرے فلور پر رات ایک بجکر تیس منٹ پر لگی جس نے پوری عمارت کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔

فائر فائٹر کے ترجمان نے غیر ملکی میڈیا سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ 9 افراد کو عمارت سے زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا جہاں 4افراد زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے ہلاک ہوگئے۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ انہیں رات 2 بجکر دس منٹ پر ایک شہری کی جانب سے آگ لگنے کی اطلاع دی گئی جس کے بعد ریسکیو اہلکاروں نے جائے وقوعہ پر پہنچ کرفوری آپریشن شروع کیا۔

ترجمان کا  مزیدکہنا ہے کہ آگ لگنے کی وجہ تاحال معلوم نہیں ہوسکی۔

واضح رہے کہ اسی ہفتے ممبئی شہر میں واقع ایک ریستوران کی چھت پر آگ لگی تھی جس کہ نتیجے میں پندرہ افراد جھلس کر ہلاک ہوگئے تھے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ ایک ہی ہفتے میں آگ لگنے کے دو واقعات انتظامیہ پر سوالیہ نشان ہے۔