کراچی(اسٹاف رپورٹر)کراچی کی شہری حکومت اور میئر کی کارکردگی پر گیلپ پاکستان کے سروے میں عوامی رائے سامنے آگئی، انتالیس فیصد افراد میئر کراچی کی کارکردگی سے خوش جبکہ بتیس فیصد ناخوش نظر آئے۔
شہری حکومت کی کارکردگی پر ملا جلا رد عمل سامنے آیا، اکتالیس فیصد افراد نے شہری حکومت کی کارکردگی پر اطمینان ظاہر کیا مگر بیالیس فیصد افراد شہر کی حالت زار میں کوئی تبدیلی نہ لانے کا گلہ کرتے نظر آئے۔
کراچی میں صفائی کے ناقص انتظامات وہ اہم مسئلہ ہے جس کا شہری مستقل بنیادوں پر حل چاہتے ہیں، اس رائے کا اظہار شہریوں نے گیلپ پاکستان کے حالیہ سروے میں کیا جس میں کراچی شہر کے شماریاتی طور پر منتخب 7 سو سے زائد افراد نے حصہ لیا۔
سروے میں عوام سے پوچھا گیا کہ آپ موجودہ شہری حکومت کی کارکردگی سے کتنے مطمئن ہیں تو 41 فیصد نے شہری حکومت سے مطمئن ہونے کا کہا، اس 41 فیصد میں سے 6 فیصد شہری حکومت کی کارکردگی سے بہت زیادہ مطمئن جبکہ 35 فیصد کسی حد تک مطمئن نظر آئے۔
سروے میں 29 فیصد افراد شہر کی ضلعی حکومتوں کی کارکردگی سے غیر مطمئن تھے جبکہ 27 فیصد نہ مطمئن نہ غیر مطمئن، 3 فیصد نے اس سوال کا کوئی جواب نہیں دیا، جس کے بعد شہریوں سے یہی سوال کراچی شہر کے میئر یعنی وسیم اختر کی کارکردگی کے بارے میں کیا گیا۔
اس سوال کے جواب میں سروے میں شامل 39 فیصد شہریوں نے میئر کی کارکردگی کو اطمینان بخش قرار دیا، البتہ 32 فیصد ان کی کارکردگی سے مطمئن نہ تھے، سروے میں 26 فیصد نہ مطمئن تھے نہ غیر مطمئن، 3 فیصد نے اس سوال کا کوئی جواب نہیں دیا۔
سروے میں عوام سے یہ بھی سوال کیا گیا کے کیا نئی شہری حکومت کے آنے سے کراچی کے حالات بہتر ہوئے ہیں یا پہلے سے خراب ہوئےہیں؟ جواب میں سروے میں شامل 32 فیصد شہریوں نے کراچی کے حالا ت پہلے سے بہتر ہونے کا کہا جبکہ 19 فیصد کا کہنا تھا کے مزید خراب ہوئے ہیں، اس کے برعکس سروے میں 42 فیصد شہریوں کی رائے تھی کے شہر کی حالت زار میں کوئی فرق نہیں آیا، 7 فیصد نے اس سوال کا کو ئی جواب نہیں دیا۔
کراچی کے شہریوں سے شہر کے اہم مسائل کے بارےمیں بھی پوچھا گیا جس کے جواب میں 88 فیصد افراد نے صفائی کے ناقص انتظامات کو شہر کا اہم مسئلہ کہا، 76 فیصد نے پانی ، 74 فیصد نےتوانائی کی کمی ، 52 فیصدنے تعلیم کے مسائل ، 51 فیصد نے امن و امان ، 46 فیصد نے سڑکوں کی کمی، 43 فیصد نے صحت عامہ ، جبکہ 34 فیصد نے رہائش کے مسائل کوشہر کے اہم مسائل کہا ، 1 فیصد نے دیگرمسائل کو اہم کہا۔