معاشی ترقی کے لیے اکیڈیمیا انڈسٹری روابط کو فروغ دینا ضروری ہے ،شیخ عامر

600

بے روزگاری پر قانو پانے کیلئے یونیورسٹیاں طلبا میں انٹرپرنیورشپ کلچر کو فروغ دینے پر زیادہ توجہ دیں شیخ عامر وحید
اپلائیڈ ریسرچ کی طرف زیادہ توجہ دیں جو صنعتی شعبے کے مسائل حل کرنے میں معاون ثابت ہوگی
کراچی(کامرس ڈیسک) اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر شیخ عامر وحید نے کہا کہ ترقی یافتہ دنیا نے یونیورسٹیوں اور انڈسٹری کے درمیان مضبوط روابط قائم کر کے پائیدار اقتصاد ی ترقی حاصل کی ہے لہذا پاکستان کو بھی دنیا کی مضبوط معیشت بنانے کیلئے اسی ماڈل کو فروغ دینے کی اشد ضرورت ہے ۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ نجی شعبہ اور یونیورسٹیاں مشترکہ کوششوں سے آپس کے روابط کو فروغ دینے کی کوشش کریں جس سے صنعت و تجارت کو بہتر فروغ ملے گا، طلبا کیلئے فائدہ مند نتائج برآمد ہوں گے اور معیشت بہتر ترقی کرے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے نیشنل یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی اسلام آباد (نسٹ) کے طلبا سے خطاب کرتے ہوئے کیا جنہوں نے نسٹ کی اسسٹنٹ پروفیسرز ڈاکٹر صوفیہ بیگ اور محترمہ نادیہ مقبول کی قیادت میں چیمبر کا دورہ کیا۔ شیخ عامر وحید نے طلبا پر زور دیا کہ وہ اپلائیڈ ریسرچ کی طرف زیادہ توجہ دیں جو صنعتی شعبے کے مسائل حل کرنے میں معاون ثابت ہوگی۔ انہوں نے یونیورسٹیوں پر بھی زور دیا کہ وہ طلبا کو اپلائیڈ ریسرچ کے زیادہ مواقع فراہم کریں جس سے معاشرے کے اہم مسائل کو حل کرنے کی طرف مثبت پیش رفت ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی ساٹھ فیصد سے زائد آبادی نوجوانوں پر مشتمل ہے اور ہر سال ہزاروں نوجوان جاب مارکیٹ میں داخل ہو رہے ہیں لیکن پبلک و پرائیویٹ شعبوں میں اتنی گنجائش نہیں ہے کو سب کو ملازمتیں فرام کی جا سکیں۔ لہذا انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ یونیورسٹیاں طلبا میں انٹرپرنیورشپ کلچر کو فروغ دینے کی طرف زیادہ توجہ دیں تا کہ طلبا نوکریوں کے پیچھے بھاگنے کی بجائے اپنا کاروبار شروع کرنے کو ترجیح دیں جس سے وہ نہ صرف خود معاشی طور پر خود کفیل ہوں گے بلکہ دوسروں کیلئے بھی روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے کے قابل ہوں گے۔ اسلام آبادچیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سینئر نائب صدر محمد نوید نے طلبا کو نیا کاروبار شروع کرنے اور اس کو کامیاب بنانے کے بارے میں ضروری معلومات فراہم کیں۔ انہوں نے کہا کہ طلبا محنت، دیانتداری اور لگن کے اصولوںکو اپنا کر کاروبار سمیت دیگر شعبوں میں بہتر طور پر آگے بڑھ سکتے ہیں۔ انہوں نے نسٹ یونیورسٹی کی طرف سے طلبا کو چیمبر میں لانے اور ان کو تاجر برادری کے ساتھ تبادلہ خیال کرنے کا موقع فراہم کرنے کی کوشش کو سراہا اور اس امید کا اظہار کیا کہ نجی شعبے اور طلبا کے درمیان ایسی ملاقاتوں سے طلبا کاروبار کی طرف مائل ہوں گے۔ اس موقع پر طلبا کو چیمبر کے کردار اوران کاوشوں کے بارے میں ایک تفصیلی پریزنٹیشن دی گئی جو وہ تاجر برادری کے مفادات کے فروغ کیلئے کر رہا ہے۔نسٹ یونیورسٹی کی اسسٹنٹ پروفیسرز ڈاکٹر صوفیہ بیگ اور محترمہ نادیہ مقبول نے طلبا کی میزبانی کرنے پر چیمبر کا شکریہ ادا کیا اور اس امید کا اظہار کیا کہ ایسے پروگرام اکیڈیمیا انڈسٹری روابط کو فروغ دینے میں معاون ثابت ہوںگے۔ طلبا نے تاجر برادری سے کاروبار کے میدان میں کامیابی حاصل کرنے کیلئے مختلف سوالات کئے جن کے ان کو تفصیلی جوابات دیئے گے۔