کراچی کے شہریوں کو صاف اور معیاری پانی کی فراہمی کیلئے 9مقامات پر جدید ریسرچ اسٹیشن قائم کرکے عالمی معیار کے آلات نصب کئے جائیں گ

524
کراچی
کراچی واٹراینڈ سیوریج بورڈ اور این ای ڈی یونیورسٹی کراچی کے شہریوں کو صاف اور معیاری پانی کی فراہمی کیلئے مشترکہ اقدمات کریں گے ، 9 مختلف مقامات پر جدید ریسرچ اسٹیشن قائم کرکے عالمی معیار کے آلات نصب کئے جائیں گے ، موسمی تبدیلی کے پانی پر اثرات ،پانی کی مقدار اور معیار پر تحقیق اور آلودگی کی وجوہات کا پتہ لگا کر شہریوں کو صاف پانی کی فراہمی ممکن بنائی جائے گی ،چلیہ سے کراچی تک پانی کی آٹو میٹک سیمپلنگ اورواٹربورڈ کے اہم ترین دھابیجی پمپنگ اسٹیشن کا انرجی و مکینیکل آڈٹ کیا جائے گا نیز این ای ڈی یونیورسٹی واٹربورڈ کی مختلف مقامات پر قائم لیباریٹریوں کے عملے کی فنی و تیکنیکی استعداد کار میں اضافہ کیلئے باقاعدہ پروگرام کا آغاز کرے گی ، اس بات کا فیصلہ ایم ڈی واٹربورڈ سیدہاشم رضا زیدی اور وائس چانسلر این ای ڈی یونیورسٹی ڈاکٹرسروش لودھی کی سربراہی میں منعقدہ ایک اجلاس میں کیا گیا اجلاس میں دیگر کے علاوہ واٹربورڈ کے ڈپٹی منیجنگ ڈائریکٹر پلاننگ و فنانس مشکورالحسنین ،ڈی ایم ڈی ٹیکنیکل سروسز اسد اللہ خان ،چیف انجینئر بلک و واٹرٹرنک مین غلام قادر عباس ،سپرنٹنڈنگ انجینئرو فوکل پرسن برائے ورلڈ بنک ایوب شیخ ، ایس ای ہائیڈرنٹس اینڈ ٹینکرز سیل،سپرنٹندنگ انجینئر بلک عبدالرحمن شیخ، این ای ڈی کے ڈاکٹر عمران سمیت دیگر افسران، اساتذہ اور ماہرین نے شرکت کی ،اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ایم ڈی واٹربورڈ نے کہا کہ صوبائی حکومت شہریوں کو صاف و شفاف پانی اور نکاسی آب کی سہولیات کی فراہمی میں گہری دلچسپی لے رہی ہے، کراچی کے شہریوں کو پانی کی بہتر فراہمی اور نکاسی آب کی سہولیات فراہم کرنے کیلئے واٹربورڈ کے مختلف میگا پروجیکٹ پر کام جاری ہے ،انہوں نے کہا کہ پانی کی موثر فلٹریشن کیلئے پانی میں آلودگی کی وجوہات کا پتہ لگانا ضروری ہے یہ اس وقت تک ممکن نہیں ہوگا جب تک مکمل ڈیٹا حاصل نہ کیا جائے ،اس کیلئے جدید خطوط پر کام کیا جاناچاہئے،واٹربورڈ نے اس ضمن میں مختلف اقدامات کئے ہیں،وائس چانسلر این ای ڈی یونیورسٹی نے سیکڑوں میل دور سے کراچی کے شہریوں کیلئے پانی لانے اورکثیر آبادی والے ملک کے سب سے بڑے شہر میں پانی کی تقسیم پر واٹربورڈ کو خراج تحسین پیش کیا ،انہوں نے کہا کہ شہر کیلئے پانی کی طلب کے مقابلے میںرسد میں نصف کمی کے باوجود واٹربورڈ کا تقسیم آب کا نظام مثالی ہے،انہوں نے کہا کہ واٹربورڈ ملک کا اہم اثاثہ ہے ،اس موقع پر این ای ڈی یونیورسٹی کے ڈاکٹر عمران نے اجلاس کو پانی کے نمونوں کے حصول ،موسمی تبدیلوں اور پانی کے معیار و مقدار سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی ،انہوں نے بتایاکہ این ای ڈی یونیورسٹی پانی کی مقدار اس کے معیار اور پانی میں آلودگی کا پتہ لگانے کیلئے حب ، کینجھرجھیل ،این ای ڈی یونیورسٹی،حیدرآباد ،کوٹری اور نوری آبادسمیت مختلف 9 مقامات پر کلائمنٹ اسٹیشن قائم کرے گی کلائمٹ اسٹیشن میں بین الاقوامی معیار کی مشینری اور جدید سائنسی آلات نصب اور استعمال کئے جائیں گے جہاں یونیورسٹی کے ماہرین اور طلبہ تحقیقی فرائض ادا کریں گے ،ان اسٹیشنوں پر برسات کے دنوں میں ہر گھنٹے بعد اور عام دنوں میں ہر پندرہ دن بعد واٹرسیمپلنگ کی جائے گی ان میں سے 5 مقامات پر آٹو میٹک سیمپلنگ کی سہولت ہوگی ،ان اسٹیشنوں سے حاصل ہونے والے نتائج بین الاقوامی معیار کے اور عالمی سطح پر قابل قبول ہوں گے ،اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ این ای ڈی یونیورسٹی واٹربورڈ کی لیباریٹریوں کے ماہرین اور عملے کی فنی استعداد کار بڑھانے کیلئے خصوصی پروگرام کا انعقاد کرے گی ،کراچی کو پانی کی مزید فراہمی کیلئے کینجھر جھیل کی گنجائش سے متعلق اسٹیڈی کرائی جائے گی اور موسمی تغیرات کے باعث جھیل میں وقوع پزیر تبدیلی اور گنجائش کے بارے میں تحقیق کی جائے گی یہ کام یونیورسٹی کے اسکالرز اور ماہرین کریں گے ،یہ تین سالہ پروگرام ہوگا۔