دھمکیاں دینے والے سن لیں‘ کوئی پاکستان کا بال بینکا نہیں کرسکتا‘ آرمی چیف

1023

راولپنڈی، اسلام آباد، کرک (صباح نیوز+ اے پی پی+ مانیٹرنگ ڈیسک) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ دھمکیاں دینے والی قوتوں کو پیغام دینا چاہتا ہوں کہ کوئی بھی پاکستان کا بال بیکانہیں کر سکتا ۔ میں ایسی فوج کا چیف ہوں جس کے جوان ملک کے لیے ہر وقت اپنی جان نچھاور کرنے کے لیے تیار رہتے ہیں۔ترجما ن پاک فوج کے مطابق گزشتہ روز کرک میں محمد علی خان کے گھرپر گفتگو کرتے ہوئے قمر باجوہ کا کہنا تھا کہ ایسے عظیم والدین اور بہادر بیٹے ہوں تو کوئی دھمکی پاکستان کو نقصان نہیں پہنچا سکتی ، کوئی رقم ان کی حب الوطنی اور قربانیوں کی قیمت نہیں چکا سکتی، ان کی قربانیاں ہی ہمیں پرامن اور مستحکم پاکستان کی طرف لے جا رہی ہیں ۔محمد علی خان کے فوج میں 3 بیٹوں اور 2 بھتیجوں نے مختلف آپریشنز میں ملک کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کیا جبکہ 3 بیٹے ایف سی پختونخوا اور 4 بھتیجے اب بھی فوج میں خدمات سرانجام دے رہے ہیں آرمی چیف نے محمد علی خان کی فیملی کو عظیم قربانیوں پر زبردست خراج تحسین پیش کیا اس موقع پر آرمی چیف نے کہا کہ ملک کے باہر سے پاکستان کو دھمکیاں دینے والے دیکھ لیں ہمارے پاس ملک کے لیے جان قربان کرنے والے ایسے والدین اور بچے موجود ہیں۔ قبل ازیں جنرل باجوہ نے شمالی وزیرستان ایجنسی کا دورہ کیا ‘پاک افغان سرحد میں حال ہی میں تیار کیے گئے قلعوں اور نصب کی گئی باڑ کا جائزہ لیا ‘ میرانشاہ میں یادگار شہداء پر حاضری دی اور پھولوں کی چادر چڑھائی ۔جنرل آفیسر کمانڈنگ میرانشاہ نے سلامتی کی صورتحال‘ عارضی طور پر نقل مکانی کرنے والے افراد کی بحالی کے لیے ایجنسی میں سماجی اقتصادی ترقی کے منصوبوں کے حوالے سے بریفنگ دی ۔آرمی چیف نے سرحدی سیکورٹی کے لیے فارمیشن کی جانب سے تیز رفتاری کے لیے معیاری کام کو سراہا ۔علاوہ ازیں نجی ٹی وی سے بات چیت کرتے ہوئے ترجمان پاک فوج میجر جنرل آصف غفور نے کہا ہے کہ پاکستان اپنے وقار پر سمجھوتا نہیں کرے گا۔ ہم ایٹمی قوت ہیں ہمیں کسی کی سیکورٹی گارنٹی کی ضرورت نہیں ہے۔ان کا کہنا تھا کہ امریکی صدر کے بیان پر کور کمانڈر کانفرنس کابینہ اور نیشنل سیکورٹی کمیٹی کا اجلاس اور قومی رد عمل خوش آئند ہے، بھارت سے درپیش مسائل کے حل کے بغیر خطے میں امن مشکل ہے۔ امریکا کو دیکھنا چاہیے کہ ہمارے درمیان غلط فہمیوں سے افغانستان سمیت خطے کے امن پر منفی اثر پڑسکتا ہے۔ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ پاکستان کے خلاف امریکی کارروائی پرعوامی امنگوں کے مطابق جواب دیں گے۔ترجمان پاک فوج کا کہنا تھا کہ امریکا نے اس وقت بھی ہمارا ساتھ نہیں دیا جب ہمیں شدید ضرورت تھی،اس وقت ہمارے پاس چوائس تھی کہ روس کے پاس جائیں لیکن نہیں گئے۔