بلوچستان کی صورتحال سے غیر متعلقہ لوگ فائدہ اٹھا رہے ہیں‘ اختر مینگل

308

کوئٹہ (آن لائن) بلوچستان نیشنل پارٹی کے سربراہ سردار اختر جان مینگل نے کہا ہے کہ بلوچستان کی صورتحال سے غیر متعلقہ لوگ فائدہ اٹھا رہے ہیں، بلوچستان میں وسائل لوٹنے والوں نے کبھی مسائل حل نہیں کیے، قدرت نے ہمیں ایک کیا کوئی تقسیم نہیں کرسکتا، کچھ قوتوں نے برادر قوموں کو تقسیم کرنے کی سازش کی اور اس تقسیم سے فائدہ اٹھایا ہے، پیدا کی گئی دوریوں کو ختم کرنا ہوگا، اگر طے کرلیں کہ ہم تقسیم نہیں ہوں گے تو کوئی بھی ہمیں تقسیم نہیں کر سکتا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سابق صوبائی
وزیر حاجی محمد اسما عیل گجر کی پارٹی میں شمولیت کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر حاجی لشکری رئیسانی اور سابق صوبائی وزیر حاجی محمد اسما عیل گجر نے بھی خطاب کیا۔ سردار اختر مینگل کا کہنا تھا کہ بلوچستان کی سرزمین کے مالک بلوچ عوام ہیں مگر افسوس کہ باہر سے لوگ آکر ووٹ لیتے ہیں اور پھر رفو چکر ہوجاتے ہیں۔ بلوچستان کے بنیادی مسائل کی طرف کوئی غور نہیں کررہا۔ بلوچستان پسماندگی میں ملک میں سب سے اوپر ہے، وسائل کی لوٹ مار اور مسائل میں پہلے نمبر پر ہے۔ آج ہمیں سوچنا ہے کہ ہم نے بلوچستان کے لیے کیا کیا۔ مسائل صرف نعرے لگانے سے حل نہیں ہوں گے بلکہ اس کے لیے کچھ عملی اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے۔