چھٹی مردم شماری کے مکمل اعدادو شمار الیکشن کمیشن کو فراہم

374

کراچی: (اسٹا ف رپورٹر) محکمہ شماریات نے ضلع، تحصیل چارجز، سر کلز اور بلاکس کے حساب سے چھٹی مردم شماری 2017ء کے مکمل اعدادو شمار الیکشن کمیشن کو فراہم اور جاری کر دیے ہیں، جب کہ الیکشن کمیشن 15 جنوری سے حلقہ بندیوں پر کام شروع کرے گا۔ محکمہ شماریات کے فراہم کردہ اعدادوشمار تین مختلف حصوں پر مشتمل ہیں۔

پہلا حصہ اضلاع پر مشتمل ہے، جس میں اضلاع کی کل آبادی، شہری آبادی، دیہی آبادی، اسی حساب سے گھروں کی تعداد، تحصیل،میونسپل کارپوریشن، بلاکس، چارجز اور دیگر کی تعداد دی گئی ہے۔ دوسرے حصے میں صرف اضلاع کی آباد ی اور گھروں کی تعداد شہری اور دیہی حساب سے دی گئی ہے۔ تیسرے حصے میں انتظامی یونٹ کے اندر آنے والے چارجز، سرکلز اور بلاکس کے حساب سے آبادی اور گھروں کی تعداد دی گئی ہے۔

محکمہ شماریات کے جاری کردہ یہ اعدادو شمار ہزاروں صفحات پر مشتمل ہیں۔ محکمہ شماریات نے حسب معمول یہ اعدادو شمار بھی پنجاب، سندھ، خیبر پختونخوا، بلوچستان، فاٹا اور اسلام آباد کے جاری کیے ہیں، جب کہ گلگت بلتستان اور آزادکشمیر کے کسی بھی طرح کے اعدادو شمار جاری نہیں کیے ہیں۔ الیکشن کمیشن کے ذرائع کے مطابق محکمہ شماریات کے جاری و فراہم کردہ اعدادو شمار الیکشن کمیشن آف پاکستان کو موصول ہوگئے ہیں اور اس پر ہوم ورک 15 جنوری تک کیا جائے گا، 15 جنوری سے حلقہ بندیوں کا عمل شروع کیا جائے گا۔