سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کے منیجنگ ڈائریکٹر ڈاکٹر اے ڈی سجنانی کی مسیحی مزدوراتحاد لیبر یونین کے وفد سے ملا قات

595

کراچی (اسٹا ف رپورٹر)منیجنگ ڈائریکٹر ڈاکٹر اے ڈی سجنانی نے مسیحی مزدوراتحاد لیبر یونین کے وفد سے اجلاس کے دوران سینیٹری ملازمین کو میڈیکل کی سہولیات، بیٹی کی شادی کے لئے مختص کی گئی رقم کی ادائیگی ، اعزازیہ و دیگر سہولیات فراہم کرنے کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ سینیٹری ورکرز سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کے لئے ریڑھ کی ہڈی کی طرح ہیں انکی اور انکے خاندان کی صحت و دیگر سہولیات کے لئے ترجیحی بنیاد پر کام کررہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ملازمین کے تمام جائز مطالبات جلد حل ہونگے۔ان کی صحت سے متعلق جو اقدامات کئے جارہے ہیں اس پر عملدرآمد جلد ہوگا۔انہوں نے مزید کہا کہ ملازمین محنت سے کام کریں اور عوام کو ریلیف پہنچائیں انہوں نے کہا کہ آپ نہ صرف دوسروں کے لئے بلکہ اپنے اور اپنے خاندان کے لئے بھی آلودگی سے پاک ماحول کی فراہمی یقینی بنا رہے ہیں ہمارا شہر گندگی سے پاک ہوگا تو ہمارے بچے صحت مند رہیں گے،

انہو ں نے ملازمین کے کام کو سراہتے ہوئے کہا کہ آپ لوگ قابل تحسین ہیں جو شہر کو صاف ستھرا رکھنے میں اپنا موثر کردار ادا کررہے ہیں آپ کے تمام مسائل حل کرنا ہماری ذمہ داری اور آپ کا حق ہے۔وفدمسیحی مزدوراتحاد لیبر یونین نے ایم ڈی ڈاکٹر اے -ڈی سجنانی،کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ہم اپنی ذمہ داری بخوبی نبھاتے آئے ہیں اور آگے بھی شکایت کا موقع نہیں دیں گے

انہوں نے اظہار تشکر پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے مسائل کے حل کے لئے سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ جو اقدامات کر رہی ہے وہ قابل ستائش ہیں اور ہم ہر سطح پر انکے ساتھ تعاون کریں گے۔ وفد میںمرکزی صدر پرویز حبیب، جنرل سیکریٹری فلک شیر بوٹا،انفارمیشن سیکریٹری عارف بھٹی، سینئر نائب صدر یوسف انجم، خزانچی منور اللہ رکھا، نائب صدر آصف تنولی، نائب صدر فرانسس جلال ، نائب صدرامانت پیارا،ڈپٹی جنرل سیکریٹری اکرام اقبال شامل تھے۔