پاکستان ریلو ے کی ملک بھر میں پھیلی ہوئی زمینوں کے ریکارڈ کو ڈیجیٹل کرنے کے حوالے سے اجلاس

619
لاہور(اسٹاف رپورٹر) پاکستان ریلویز کی ملک بھر میں پھیلی ہوئی زمینوں کے ریکارڈ کو ڈیجیٹل کرنے کے حوالے سے اربن یونٹ کے پراجیکٹ ڈائریکٹر عون بخاری نے چیئرپرسن پاکستان ریلویز مسز پروین آغا اور چیف ایگزیکٹوآفیسر محمدجاوید انور کو ریلوے ہیڈکوارٹرزلاہور میں ہونے والے ایک اجلاس میں بریفنگ دی۔ یہ ڈیجیٹل ریکارڈ پاکستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ ڈائریکٹوریٹ آف لینڈاور پراجیکٹ مینجمنٹ یونٹ آف پاکستان ریلویز، اربن یونٹ کے تعاون سے ڈیجیٹلائز کریں گے۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ ورلڈ بینک اور قومی اداروں نے بھی پاکستان ریلوے کے اس اقدام کو سراہا ۔ پاکستان ریلویز کی زیادہ تر زمینوں کا ریکارڈ 1913سے 1946کے دوران بنایا گیا جس کی اس وقت کی متعلقہ ریونیواتھارٹی نے توثیق بھی کی البتہ پاکستان بننے کے بعد پہلی مرتبہ بڑے پیمانے پر ریلوے کی زمینوں کا ڈیجیٹل ریکارڈ مرتب کیا جارہا ہے ۔
اس ریکارڈ سے پاکستان ریلوے کی آپریشنل ، کمرشل ، زرعی ، لیزشدہ اور قبضہ کی گئی زمینوں کا ریکارڈ آسانی سے مہیا ہوسکے گا۔ریلوے کی وہ زمینیں جن کی مختلف وجوہات کی بناپر ابھی تک شناخت نہیں ہوسکی تھی انہیں بھی شناخت کرکے ریکارڈ کا حصہ بنایا جارہاہے۔
ڈائریکٹوریٹ آف لینڈ کی مکمل تنظیم نوبھی اسی پلان کا حصہ ہے۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ اربن یونٹ اور پاکستان ریلوے کے درمیان جلد از جلد ایک سروس لیول معاہدہ کیا جائے گاجس کے بعد پاکستا ن ریلوے کی زمینوں پر قبضہ کرنا اورریکارڈ میں خردبرد ممکن نہیں رہے گی۔
اجلاس میں ڈائریکٹر لینڈ ارشد سلام خٹک ، پراجیکٹ ڈائریکٹر محمدشکیل، ایف اے اینڈ سی اے او ڈاکٹر محمد سعیداورایڈیشنل جنرل منیجر انفراسٹرکچر ہمایوں رشید سمیت اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
علاوہ ازیں پاکستان ریلویز نے کمرشل اینڈ ٹرانسپورٹیشن گروپ کے گریڈ 19اور 20کے دوافسران کے تقرروتبادلے کے احکامات جاری کیے ہیں۔تفصیلا ت کے مطابق این ایم سی کورس سے واپس آنے والے گریڈ 20کے آفیسر شعیب عادل کو ریلوے ہیڈکوارٹر میں چیف مارکیٹنگ منیجر جبکہ گریڈ 19کے آفیسر آغا وسیم کو منسٹری آف ریلوے میں ڈائریکٹرجنرل آپریشنز تعینات کرنے کے احکامات جاری کیے ہیں اور اس سلسلے میں باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کردیا گیاہے۔