راولپنڈی ،2750اسکول سربراہان سے محروم، 37 ہزار اساتذہ کیخلاف کارروائی

187

راولپنڈی (بی این پی )راولپنڈی سمیت صوبہ بھرمیں 2750اسکول سربراہان سے محروم ہیں۔محکمہ اسکولز ایجوکیشن پنجاب نے 2017ء کے دوران مسلسل غیر حاضر رہنے اورنتائج میں ناقص کارکردگی دینے والے 37 ہزار 420 اساتذہ کیخلاف کارروائی کی۔ 2380 اساتذہ کو نوکری سے برطرف کیا۔ 3790 اساتذہ سالانہ ترقیوں سے محروم ہوئے۔ 3678 اساتذہ کی تنخواہوں میں کٹوتی کی گئی۔ 396اساتذہ کو جبری ریٹائر کیاگیا۔ 18 ہزار 760اساتذہ کیخلاف انکوائری زیر التوا ہے۔ اسکول ایجوکیشن کی کارکردگی رپورٹ کے مطابق 17۔2016ء میں 77,142 نئے اساتذہ کو بھرتی کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق پنجاب میں 40 ہزاراساتذہ میٹرک پاس اور26ہزارکی تعلیمی قابلیت ایف اے ہے۔ 2750سرکاری اسکولوں میں مستقل ہیڈ ماسٹرز/ ہیڈمسٹریس کی تعیناتی نہیں کی جاسکی اسکولز ایجوکیشن پنجاب کے مطابق مارچ 2018ء تک تمام سکولوں کی چاردیواری مکمل ہو جائے گی،بجلی سے محروم اسکولوں کو سولر پینل سے روشن کیا جائیگا، 5 ارب روپے کی لاگت سے 15ہزار کلاس رومز تعمیر کیے جائیں گے ،اسکولوں میں طلبہ کی انرولمنٹ سوا کروڑ ہو گئی ہے۔ مزید19ہزار ایجوکیٹرز بھرتی کیے جارہے ہیں۔ پنجاب میں تمام ایجوکیٹرز کی بھرتی 15فروری تک مکمل کرلی جائے گی۔