ایم ڈی واٹر بورڈ نے بڑے منصوبوں کے مالی اختیارات مانگ لیے

246

کراچی (رپورٹ: محمد انور) کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ (کے ڈبلیو اینڈ ایس بی) کے منیجنگ ڈائریکٹر سید ہاشم رضا زیدی نے مجموعی طور پر کھربوں روپے لاگت کے مختلف پروجیکٹس (جن میں K-4 اور S-3 بھی شامل ہیں) کے مالی اختیارات حاصل کرنے کے لیے حکومت سے رجوع کرلیا ہے۔ دلچسپ امر یہ ہے کہ ایم ڈی کی جانب سے زیادہ سے زیادہ اختیارات حاصل کرنے کی یہ کوشش عین
اس وقت کی جارہی ہے جب وہ آئندہ ماہ اپنی مدت ملازمت پوری کرکے ریٹائر ہونے والے ہیں۔ سرکاری ذرائع کے مطابق چیف انجینئر (ای اینڈ ایم) کے لیٹر ہیڈ پر ادارے کے ایم ڈی کے ٹیکنیکل اسٹاف آفیسر نے براہ راست سیکرٹری فنانس کو ارسال کیے گئے خط میں ان سے گزارش کی ہے کہ واٹر بورڈ کے اسپیشل پروجیکٹس کے مالی امور کے جملہ اختیارات ایم ڈی کے سپرد کردیے جائیں تاکہ ان پروجیکٹس اور اسکیمیوں کو مقررہ وقت پر مکمل کیا جاسکے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ مذکورہ خط براہ راست پرسنل اسٹاف افسر نے سیکرٹری فنانس کو لکھا ہے جو کہ خلاف ضابطہ ہے۔ اس طرح کی خط و کتابت ایم ڈی خود کرسکتے ہیں۔ یاد رہے کہ صوبائی اور وفاقی حکومت کی فنڈنگ سے جاری منصوبے کی نگرانی پروجیکٹ ڈائریکٹر ہی کرتے ہیں، ان ہی کے پاس ان منصوبوں و اسکیمیوں کے مالی امور سمیت تمام اختیارات ہوتے ہیں۔ مالی اختیارات ایم ڈی کے سپرد کیے جانے سے فنی پیچیدگیاں پیدا ہونے کا خدشہ بھی ہے۔ جس سے ان کی تکمیل میں تاخیر کے خدشات ہیں۔ یہاں یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ ایم ڈی واٹر بورڈ سید ہاشم رضا آئندہ ماہ فروری میں ریٹائر بھی ہو رہے ہیں۔