حکمرانوں کی کسان دشمن پالیسیوں سے زرعی معیشت تباہ ہوجائیگی،علی احمد

195

فیصل آباد(وقائع نگار خصوصی)کسان بورڈکے ڈویژنل صدرعلی احمدگورایہ نے کہا ہے کہ حکمران طبقہ نے کسانوں پر ڈیزل بم کا ڈرون حملہ کر کے 70فیصد کسانوں کی معیشت کا بیڑہ غرق کردیا ہے۔گزشتہ سال کسانوں کیلیے بد ترین سال رہا۔حکومت نے تیل کی قیمتوں میں اضافے کرکے کسانوں کی جیبوں پر اربوں روپے کا ڈاکا ڈالااور تیل کی قیمتوں میں اضافے کے ریکارڈ توڑ ڈالے۔اور اب شوگر ملوں نے گنے کے کاشتکاروں کو لوٹنے کے سابقہ تمام ریکارڈ توڑ ڈالے ہیں۔زراعت دشمن حکمرانوں کے دن گنے جا چکے ہیں۔ شوگر ملوں کی لوٹ مار اوربھارتی آبی دہشت گردی کی وجہ سے دریاؤں میں پانی کی شدید کمی کی وجہ سے کسان پہلے ہی پریشان تھے مگر اب تیل کی قیمتوں میں بے تحاشا اضافہ قریب المرگ زرعی معیشت کیلیے زہر قاتل ثابت ہو گا،کھڑی فصلیں تباہ اور آئندہ گندم کی فصل شدید متاثر ہوکر ملک قحط سالی کا شکار ہوجائے گا اور حکمرانوں کی کسان دشمن پالیسیوں کی وجہ سے دم توڑتی ملکی زرعی معیشت تباہ ہو جائے گی۔تیل کی قیمتیں بڑھنے سے ملکی صنعت،تجارت اور زراعت کا بھٹہ بیٹھ جائے گا۔کسان بورڈ کے ڈویژنل صدرعلی احمدگورایہ نے قیمتوں میں اضافے کو مسترد کر تے ہوئے اسے ظالمانہ اقدام قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ حکمران خود تو قومی خزانہ کی لوٹ مار کر کے عیاشیاں کر رہے ہیں اور لوٹی ہوئی دولت بیرون ملک بینکوں میں جمع کرکے ملکی معیشت کو تباہ کر رہی ہے ،مگر غریبوں کو ایک ہی سال میں کئی بار مہنگائی کا تحفہ دیکرعوام کی بے بسی کا مزاق اڑا رہے ہیں۔انہوں نے حکمرانوں کو وارننگ دیتے کہا کسانوں پر ڈیزل بم کے ڈرون حملے بند کیے جائیں وگرنہ کسان اور عوام سراپا احتجاج بن جائیں گے۔