لاڈلے کو منہ چھپانے کی جگہ نہیں ملے گی‘ نواز شریف

754
کوٹ مومن: ن لیگ کے سربراہ میاں نواز شریف جلسے سے خطاب کررہے ہیں
کوٹ مومن: ن لیگ کے سربراہ میاں نواز شریف جلسے سے خطاب کررہے ہیں

سرگودھا (خبر ایجنسیاں+مانیٹرنگ ڈیسک) سابق وزیر اعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ لاڈلے کو ملک میں کہیں منہ چھپانے کی جگہ نہیں ملے گی ،یہ کیسا مذاق ہے آف شور کمپنی والے صادق اور امین کہلائے،لوگ آج اس میدان میں ہیں کل سڑکوں پر ہوں گے ،ملک میں تبدیلی آگئی ہے، اب عدل اور انصاف قائم ہوگا۔ سابق وزیر اعظم نے سرگودھا کی تحصیل کوٹ مومن میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جواب دینا پڑے گا کہ کرپشن کہاں کی؟ عوام نے نااہلی کا فیصلہ مسترد کر دیا ہے،آئندہ الیکشن میں لاڈلے کو منہ چھپانے کی کوئی جگہ نہیں ملے گی، سازشی کینیڈا سے آ کر پھر بیٹھ گئے ہیں۔نواز شریف کا کہنا ہے آج ثابت ہوگیا ہے کوٹ مومن مجھ سے محبت کرتا ہے، عوام نے فیصلہ دے دیا میری نا اہلی منظور نہیں۔ انہوں نے کہا کہ جلسہ عوام کا ریفرنڈم ہے، 2018ء کا الیکشن مسلم لیگ نواز جیتے گی، انتخابات جیت کر گھر گھر انصاف لے کرآئیں گے۔ سابق وزیراعظم نے کہا ملک میں تبدیلی آگئی ہے، اب عدل اور انصاف قائم ہوگا، یہ کیسا مذاق ہے کہ اقامے پر وزیراعظم کو نکال دیا گیا اب یہ مذاق برداشت نہیں کیا جائے گا عوام دوہرے معیار کو نہیں چلنے دیں گے،ایک جیسے مقدمات میں دو الگ الگ فیصلے عوام میں شک و شبہات پیدا کررہے ہیں، ملک میں انتشار پھیل رہا ہے ۔ انہوں نے کہا نواز شریف کو عوام کی خدمت کا صلہ دیا جا رہا ہے، میرے خلاف کچھ نہیں ملا تو اقامہ پر نکال دیا گیا، کرپشن کی تو دور کی بات ایک دھیلے کا بھی ثبوت نہیں ملا، میں پوچھ رہا ہوں بتائیں کہاں کرپشن ہوئی؟۔ ان کا کہنا تھا لاڈلے کے علاوہ سازشی کینیڈا سے آ کر یہاں بیٹھ گیا ہے،عمران خان مانتا ہے کہ اس نے لاکھوں پاؤنڈ کا کاروبار کیا، لوگ جانتے ہیں اسپتال کا پیسہ لاڈلے نے جوئے میں لگایا۔نواز شریف نے مزید کہا کہ ملک کے موجودہ حالات میں شاہد خاقان عباسی کا کوئی قصور نہیں، وہ بہت محنت کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا شاہد خاقان عباسی ذمے داری سے سب کام کر رہے ہیں، ملکی ترقی میں سست روی پاناما فیصلے کی وجہ سے ہوئی، اسٹاک ایکس چینج نیچے گر رہی ہے، مہنگائی نے سرا ٹھایا ہے تو اس فیصلے سے پوچھو۔ ان کا کہنا تھا حکومت میں آ کر ملک سے اندھیرے ختم کیے اور موٹروے بنائی، جب کوئی وعدہ کرتا ہوں تو پورا کر کے دکھاتا ہوں۔سابق وزیراعظم نے 2018ء کے انتخابات کے بعد کوٹ مومن میں یونیورسٹی بنانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کوئی مطالبہ ہے تو آج ہی کر دو، ان شاء اللہ اسے پورا کریں گے، کوٹ مومن کو موٹر وے بھی دی جائے گی۔ انہوں نے کہا نوجوانوں نے آج دل خوش کر دیا ہے، یہ نوجوانوں کی فوج پاکستان میں انقلاب برپا کرے گی۔ جلسے سے خطاب کرتے ہوئے نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز نے کہا کہ کوئی نا اہل ہو کر بھی سرخرو ہے اور کوئی اہل ہو کر بھی شرمندہ پھرتا ہے کیونکہ وہ جانتا ہے صداقت اور امانت کے پیچھے فکسڈ میچ ہے۔انہوں نے کہا کہ نیت سزا دینے کی ہو تو پاناما سے اقامہ نکل ہی آتا ہے۔مریم نواز کا کہنا ہے سرگودھا کے عوام میاں صاحب سے لازوال محبت کرتے ہیں، عوام کی محبت نے ہمارے مخالفین کو سوچنے پر مجبور کر دیا۔ انہوں نے کہا مخالفین کبھی ایک ادارے اور کبھی دوسرے ادارے کے پیچھے چھپ رہے ہیں، کب تک منتخب وزیراعظم کو گھر بھیجا جاتا رہے گا؟، نواز شریف عوام کے ووٹ کے تقدس کی جنگ لڑ رہے ہیں، عدل بحال کرائیں گے۔ انہوں نے کہا 2013ء سے پہلے لوڈشیڈنگ، بے روزگاری اور دہشت گردی تھی لیکن میاں صاحب نے خون پسینہ ایک کر کے پاکستان کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا۔ ان کا کہنا تھا نواز شریف نے جو وعدہ کیا وہ پورا کر کے دکھایا، عوام کی محبت نے ہمارے مخالفین کو سوچنے پر مجبور کر دیا۔مریم نواز نے کہا سیاسی مخالفین جانتے ہیں کہ نواز شریف اگلا الیکشن جیت جائیں گے۔ انہوں نے کہا پاناما کے نام پر 3 نسلوں کا بار بار حساب ہوا، پاکستان اور عوام کے ساتھ مذاق کیا گیا ۔ انہوں نے کہا عمران خان خود کہتے ہیں آف شور کمپنی ان کی ہے اور ٹیکس بچانے کے لیے بنائی لیکن کہا جاتا ہے آف شور کمپنی تمہاری نہیں۔ مریم نواز نے کہا کہ افسوس اس بات کا ہے کہ آج تک کسی عدالت کو اتنی ہمت نہیں ہوئی کہ جس پرویز مشرف نے آئین اور قانون پر شب خون مارا ہو اسے عدالت میں بلایا جاسکے۔ کب تک انصاف کا ترازو جمہوریت کو کمزور کرنے کے لیے استعمال ہوگا، کب تک منتخب وزرائے اعظم کو گھر بھیجنے کے لیے جے آئی ٹی بنائی جائے گی، کب تک پارلیمنٹ پر حملہ کرنے والے کو ضمانتیں دی جائیں گی۔ نوازشریف نے جان ہتھیلی پر رکھ کرعدلیہ کوبحال کرایا،اب وہی عدل بحال کرائیں گے۔