امریکا سے پاکستان کا اتحاد نہیں رہا‘وزیرخارجہ

207

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) وزیرخارجہ خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ امریکی سیکورٹی امداد کی معطلی کے بعد امریکا سے اتحاد ختم سمجھتا ہوں جبکہ پاکستان تنہا نہیں بلکہ ہمارے پاس دوسرے اتحادیوں کے آپشن موجود ہیں۔ امریکی جریدے وال اسٹریٹ جرنل کو انٹرویو دیتے ہوئے وزیرخارجہ خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ امریکا کا پاکستان کے ساتھ رویہ اتحادیوں والا نہیں، اتحادی ایسا سلوک نہیں کرتے اور امریکی سیکورٹی امداد کی معطلی کے بعد امریکا سے اتحاد ختم سمجھتا ہوں، اب امریکا کے ساتھ ہمارا کوئی اتحاد نہیں جبکہ پاکستان تنہا نہیں، ہمارے پاس دوسرے اتحادیوں کے آپشن موجود ہیں۔ خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ پاکستان اور امریکا کے درمیان تعلق ستمبر 2001 ء سے قائم تھا لیکن ہم نے امریکا کی افغانستان مہم میں شامل ہو کر بہت بڑی غلطی کی، امریکی مہم میں شامل ہونے سے پاکستان میں دہشت گردی نے جنم لیا۔ انہوں نے کہا کہ امریکا نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی قربانیوں کا اعتراف نہیں کیا اور اب امریکا اپنی شکست کا ملبہ پاکستان پر ڈال رہا ہے جبکہ افغان مزاحمت کاروں کے خلاف گئے تو یہ جنگ دوبارہ ہماری سرزمین پرلڑی جائے گی۔