واٹر بورڈ کے 119 انجینئر و افسران ریٹائر‘ ادارے میں انتظامی بحران 

237

کراچی ( رپورٹ: محمد انور) کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ (کے ڈبلیو اینڈ ایس بی) کے 9 افسران و انجینئرز سمیت 119 ملازمین 2017ء ختم ہونے اور 2018ء شروع ہوتے ہی ریٹائر ہوگئے جبکہ رواں برس ادارے کے موجودہ ایم ڈی ہاشم رضا زیدی، سابق ایم ڈی مصباح الدین فرید، ڈی ایم ڈی پلاننگ مشکور الحسن، سابق ڈی ایم ڈی ریونیو و ریکوری محمد اسلم خان اور متعدد دیگر افسران و انجینئرز
اپنی مدت ملازمت مکمل کرکے ادارے کو خیر باد کہہ دیں گے۔ بڑی تعداد میں افسران و انجینئرزاور دیگر کے ریٹائر ہونے سے واٹر بورڈ میں افرادی قوت کا بحران پیدا ہونے کا خدشہ ہے۔ دوسری جانب حکومت سندھ ادارے میں نئے تقرر کی اجازت دینے سے گریز کررہی ہے۔ کے ڈبلیو اینڈ ایس بی کی دستاویزات کے مطابق ادارے کے ڈپٹی منیجنگ ڈائریکٹر پلاننگ انجینئر مشکور الحسن 13 جنوری کو ریٹائرہوں گے۔ سابق ایم ڈی اور ادارے کے باصلاحیت انجینئر مصباح الدین فرید اس سال 30 اگست کو اپنی مدت ملازمت پوری کرکے رخصت ہوجائیں گے۔ ان سے قبل ادارے کے ایم ڈی ہاشم رضا زیدی 27 فروری کو ریٹائر ہوجائیں گے۔وفاقی حکومت پہلے ہی ان کی ریٹائرمنٹ کا نوٹیفکیشن جاری کرچکی ہے۔ ہاشم زیدی کا تعلق پاکستان ایڈمنسٹریشن گروپ سے ہے۔ واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کے گریڈ 17 ، 18 اور 19 کے جو افسران اس سال ریٹائر ہورہے ہیں ان میں گریڈ 19 کے سپرنٹنڈنٹ انجینئر زاہد جمیل ، گریڈ 19 کے آئی ٹی افسر معراج الدین ، گریڈ 18 کے انجینئر ظفر حسین ، ڈپٹی ڈائریکٹر عدنان مصطفی دانش ،ایڈمن آفیسر محمد وسیم، پرویز الحق ، انجینئر اسرار احمد ، محمود حسین ، ڈپٹی ڈائریکٹر نظام الدین صدیقی گریڈ 17 کے اکاونٹ آفیسر سید کاظم علی ، اے ای ای اجمل خان ،پرویز احمد، انجینئر مسرور احمد، اشرف صدیقی، شعیب عالم اور راشد جمال قابل ذکر ہیں۔ ان افسران اور انجینئرز کے ریٹائر ہونے سے ادارے کے مالیاتی اور انتظامی امور متاثر ہوں گے جس کے لیے حکام کو نئی ترقیوں کے ساتھ تقرریوں کا بھی جلد سے جلد فیصلہ کرنا پڑے گا۔