جماعت اسلامی کے تحت نادرا کے خلاف احتجاجی مہم ،12جنوری کو اورنگی زونل آفس پر مظاہرہ ہو گا

460

کراچی(اسٹاف رپورٹر) جماعت اسلامی کے تحت نادرا کی نا اہلی و ناقص کارکردگی اور شہریوں کو قومی شناختی کارڈز کے حصول میں درپیش پریشانیوں و مشکلات اور بلا جواز روکاوٹوں کے خلاف جاری احتجاجی مہم کے سلسلے میں جمعہ 12جنوری کو 2بجے دن نادرا زونل آفس اورنگی ٹاؤن کے باہر بڑا احتجاجی مظاہرہ کیا جائے گا ۔مظاہرے سے امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن ،ضلع غربی کے امیر عبد الرزاق خان اور دیگر رہنما خطاب کریں گے ۔جماعت اسلامی کی جانب سے نادرا کے خلاف احتجاجی مہم جاری ہے ۔قومی شناختی کارڈز کے حصول میں کراچی کے شہریوں بالخصوص مشرقی پاکستان سے آنے والوں ،بنگلہ زبان بولنے والے محب وطن پاکستانیوں اور خیبر پختونخوا سے وابستہ افراد کو غیر معمولی طور پر مشکلات اور پریشانیوں کا سامنا ہے ۔جماعت اسلامی نے یہ مسائل حل کرانے کے لیے بھرپور مہم چلانے کا فیصلہ کیا ہے اور طے کیا ہے کہ نادرا کے خلاف احتجاج ا ور مسائل کے حل کے لیے ہر قسم کے قانونی و آئینی اور جمہوری طریقے استعمال کیے جائیں گے ۔اس سلسلے میں امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن کی زیر قیادت ایک وفد ڈی جی نادرا کراچی ریجن لیفٹنینٹ کرنل ریٹائرڈ محمد انیس سے ملاقات کر کے مسائل اورتجاویز کے حوالے سے ان کو ایک یادداشت پیش کر چکا ہے جبکہ قومی اسمبلی میں جماعت اسلامی کے اراکین اسمبلی نادرا ترمیمی بل بھی جمع کراچکے ہیں ۔جماعت اسلامی ،نادرا کے حوالے سے مسائل کے حل کے لیے ہر سطح پر جدو جہد کر رہی ہے اور پارلیمنٹ کے اندر اور پارلیمنٹ کے باہر آواز اُٹھا رہی ہے اور پُر امن احتجاج کا سلسلہ بھی جاری ہے ۔شہر بھر میں اس حوالے سے بینرز بھی آویزاں کر دیئے گئے ہیں اور نادرا کے ستائے ہوئے افراد بڑی تعداد میں جماعت اسلامی سے رابطے کر رہے ہیں ۔