مطالبات تسلیم نہ کیے تو کراچی سے پشاور تک دما دم مست قلندر ہوگا

251

فیصل آباد(وقائع نگار خصوصی) پاکستان ریلوے پریم یونین کے مرکزی صدر حافظ سلمان بٹ نے پریم یونین کی مرکزی مجلس عاملہ کا اجلاس آج لاہور میں طلب کر لیا ۔ ملک بھر سے مندوبین شرکت کریں گے،مجلس عاملہ میں مشاورت کے بعد ریلوے ملازمین کے مطالبات پر مشتمل چارٹرڈ آف ڈیمانڈ پیش کیا جائے گا، آئندہ بجٹ میں مزدوروں کے تحفظات پر بھی غور کیا جائے ، ملک بھر کے ارکان اسمبلی،وزرا،وکلا ،صحافیوں کو چارٹرڈ آف ڈیمانڈ کی کاپی ارسال کی جائے ،مزدوروں کے مطالبات تسلیم نہ کیے تو کراچی سے پشاور تک دما دم مست قلندر ہوگا۔ مرکزی نائب صدرخالد محمود چودھری فیصل آباد کی نمائندگی کریں گے۔روانگی سے قبل ریلوے اسٹیشن پر کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اللہ کے فضل وکرم سے این آئی آر سی نے 102 زونوں کے عہدے داروں کی بلامقابلہ کامیابی کا نوٹیفیکیشن جاری کر دیا ہے۔مجلس عاملہ کے اجلاس میں ملک بھر میں زونز کی سطح پر تنظیمی انتخابات کی منصوبہ بندی بھی کی جائے گی ۔انہوں نے کہا کہ کہ ریل کا پہیہ اس کے مزدور کی وجہ سے چل رہا ہے، اگر مزدوروں کو ان کا جائز حق نہ دیا گیا تو ریل بھی چل نہیں سکے گی۔ ریلوے مزدور پریشان ہو گا تو حکمرانوں کو بھی چین سے سونے نہیں دیں گے۔ ملازمین میں پائی جانے والی تشویس کو دور نہ کیا گیا تو حالات خراب ہوسکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ایک طرف ارکان اسمبلی کو نوازنے کے لیے کروڑ وں روپے کے ترقیاتی فنڈز کا اجرا کیا جا رہا ہے دوسری طرف غریب ریلوے ملازمین سے ان کی بنیادی سہولیات بھی چھیینی جا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ریلوے کے لاکھوں ملازمین کو ذہنی اذیت سے دو چار کیا جا رہا ہے ۔وہ ملازمین جنہوں نے اپنی زندگیاں ریلوے کی ترقی اور بہبو د میں گزار دیں، آج در بدر کی ٹھوکریں کھانے پر مجبور ہیں مگر کسی افسر کے کان پر جوں تک نہیں رینگ رہی۔ انہوں نے کہا کہ اب مزید ظلم برداشت نہیں کیا جائے گا،حکمران ریلوے ملازمین کے صبر کا امتحان نہ لیں ۔پریم یونین اپنے قائد پریم حافظ سلمان بٹ کی قیادت میں ریلوے ملازمین کے تحفظ کے لیے بھر پو ر جدوجہد کر رہی ہے اور کسی کو بھی ریلوے ملازمین سے زیادتی نہیں کرنے دے دیں گے ۔انہوں نے کہا کہ پریم یونین کو توقع ہے کہ حکومت پریم یونین کے چارٹر آف ڈیمانڈ کو تسلیم کرلے گی لیکن اگر حکومت نے ملازمین کی آواز پر کان نہ دھرے تو ملک بھر میں ہونے والا احتجاج حکمرانوں کا بوریا بستر گول کر دے گا۔