ڈویژن بھر کے کسان حکومت پنجاب سے مایوس ہوچکے ہیں

152

فیصل آباد(وقائع نگارخصوصی)کسان بورڈکے ڈویژنل صدرعلی احمدگورایہ نے کہا ہے کہ کسانوں سے عدالتی احکامات کے باوجود بھی شوگرملیں180روپے فی من گنا نہیں خرید رہیں۔کسانوں کومجبورکیاجارہا ہے کہ وہ 100روپے سے120روپے فی من تک گنے کو فروخت کریں۔گنے کے کسانوں کو ریلیف دینے کے لیے اور شوگر مل مالکان کی ظامانہ پالیسیوں کے خلاف پورے ڈویژن فیصل آبادکے کسان متحد ہوچکے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ و زیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف نے احکامات دیے تھے کہ پنجاب کی تمام شوگر ملیں کسانوں سے 180روپے فی گنا خریدیں گی اور کسانوں کے بقایاجات بھی اداہوں گے لیکن ابھی تک ان کی اپنی شوگر مل سمیت کہیں بھی عمل درآمد نہیں ہورہا۔ڈویژن بھر کے کسان حکومت پنجاب سے مایوس ہوچکے ہیں۔ گنے کے کسانوں کو ریلیف فراہم نہ کرنے،شوگر مل مالکان اور حکومت پنجاب کی بے حسی کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے ۔انہوں نے پنجاب حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ گنے کے180روپے فی من سرکاری ریٹ کے مطابق خریداری کے لیے شوگر مل مالکان کو پابندبنائے اور کسانوں کی سابقہ اربوں روپے کے بقایا جات کو بھی یقینی بنایا جائے۔انہوں نے کہاکہ کسانوں کے مطالبات کے حل ہونے تک گنے کے کاشتکارجماعت اسلامی کی احتجاجی تحریک میں شامل رہیں گے۔