جنرل قمر جاوید باجوہ نے قصور میں معصوم زینب سے زیادتی اور بہیمانہ قتل کی مذمت کی

253

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے قصور میں قتل ہونے والی ننھی زینب کے قاتلوں کی فوری گرفتاری کے لیے سول انتظامیہ کے ساتھ مکمل تعاون کرنے کی ہدایت کردی۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے قصور میں قتل ہونے والی ننھی زینب کے قاتلوں کی فوری گرفتاری کے لیے سول انتظامیہ کے ساتھ مکمل تعاون کرنے کی ہدایت کردی۔ پاک فوج کے ترجمان میجر جنرل آصف غفور نے ٹوئٹر پر جاری کردہ بیان میں بتایا کہ آرمی چیف نے قصور میں معصوم زینب سے زیادتی اور بہیمانہ قتل کی مذمت کی ہے۔

آرمی چیف نے بچی کے غمزدہ والدین کی اپیل پر ردعمل دیتے ہوئے فوج کو مجرموں کی فی الفور گرفتاری اور انہیں قرار واقعی سزا دینے کے لیے سول انتظامیہ کے ساتھ مکمل تعاون کرنے کی ہدایت کردی۔ زینب کے والدین نے عمرے سے وطن واپس پہنچنے پر آرمی چیف سے مدد کی اپیل کی تھی۔

واضح رہے کہ قصور میں 8 سالہ بچی زینب کو 5 روز تک زیادتی کا نشانہ بنانے کے بعد قتل کردیا گیا جب کہ ملزمان نے بچی کی لاش کو کچرا کنڈی میں پھینک دیا۔ واقعے کے خلاف شہر میں ہنگامے پھوٹ پڑے اور پولیس کی مظاہرین پر فائرنگ سے 2 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے۔