کراچی کے تربیت یافتہ نوجوان مستقبل کے پاکستان کی قیادت کریں گے۔ گورنر سندھ محمد زبیر

464
کراچی (اسٹا ف رپورٹر) گورنر سندھ محمد زبیر نے کہاکہ کراچی کے تربیت یافتہ نوجوان مستقبل کے پاکستان کی قیادت کریں گے۔ ملک سے بنیاد پرستی اور دہشت گردی کی جڑ کو ختم کرنا ہے تو نوجوانوں خصوصاً طالب علموں کی تعلیم و تربیت پر توجہ دینا ہوگی اس حوالے سے محمد احمد شاہ کی قیادت میں آرٹس کونسل جو کام کررہی ہے وہ بہت بڑا کارنامہ ہے کہ ایک سال میں ساڑھے 17ہزار طالب علموں کو عملی تربیت کی سہولت مہیا کی گئی۔ ہماری خواتین معاشرہ کی ترقی اور آئندہ نسل کی تربیت میں اہم رول ادا کررہی ہیں۔ تعلیمی اداروں کا 75فیصد انصرام و انتظام خواتین کے ہاتھ میں ہے۔ آرٹس کونسل کراچی ملک بھر میں سب سے زیادہ ثقافتی ادبی و علمی سرگرمیوں کا مرکز بن چکا ہے جس سے شہرمیں سماجی سرگرمیوں کے فروغ میں مدد ملے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی میں یوتھ ٹریننگ پائلٹ پروجیکٹ کے پہلے پروگرام سے مہمانِ خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ کمشنر کراچی اعجاز احمد خان سیکریٹری آرٹس کونسل پروفیسر اعجاز احمد فاروقی، کراچی کی یونیورسٹیوں کے وائس چانسلرز اور کالجوں کے پرنسپلز بھی اس موقع پر موجود تھے جن کو گورنر سندھ نے اس پروگرام میں تعاون کرنے پر آرٹس کونسل کی جانب سے شیلڈ دی۔ آرٹس کونسل کے صدر محمد احمد شاہ نے خطبۂ استقبالیہ پیش کیا اور مطالبہ کیاکہ فائن آرٹ کو تعلیم کا لازمی طور پر حصہ ہونا چاہئے۔ آرٹس کونسل کراچی کی طرف سے نوجوانوں خصوصاً لاکھوں طالب علموں کو مفت تربیت فراہم کی گئی ہے اور شہر کے سرکاری تعلیمی اداروں جہاں متوسط اور غریب طبقہ کے بچے زیر تعلیم ہیں وہاں پر تربیت کا ایک ایسا پروگرام شروع کیا جو خاصا کامیاب ہوا۔ جس کی مثال آج آپ کے سامنے ان طلبہ طالبات کی شکل میں ہے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنر سندھ نے کہاکہ آرٹس کونسل احمد شاہ کی قیادت میں جو کام کررہا ہے اس کو پاکستان کے تناظر میں دیکھاجائے تو معاشرے کو دوسیکٹر میں فوائد حاصل ہوں گے ایک کراچی کی سماجی سرگرمیوں کی بحالی اور دوسرا پاکستان کے معاشرہ میں تبدیلی لانا۔ انہوں نے کہاکہ یہ کام قائداعظم کی سوچ کا عکاس ہے۔ ہم نے اپنے معاشرہ کو غلط سمت پر ڈال دیا جس کے ہم سب قصور وار ہیں جن سے ملک کو شدید نقصان ہوا۔ اب معاشرہ کو اصل مقصد کی طرف کھینچ کر واپس لانا ہم سب کا فرض ہے۔ قائداعظم نے جو تصور دیا تھا اس میں ملک میں ہر کسی کو آزادی اور ہر فرد کا رول تھا۔گورنر سندھ نے کہاکہ ریاست میں ہر کسی کو اپنی بات کہنے کی آزادی ہونا چاہئے۔ برداشت، صبر اور گفتگو کا عمل جاری رہنا چائے۔ میوزک، تھیٹر اور مصوری کا بھی معاشرے میں رول ہوتا ہے اس کی ترویج ہونا چاہئے مگر پاکستانی معاشرہ کو ایک مخصول راستہ پر لگانے کے ہم سب ذمہ داری ہیں اور اب ہم سب کو مل کر معاشرہ کو درست سمت کی طرف لانا ہوگا۔ گورنر سندھ محمد زبیر نے کہاکہ کسی بھی معاشرہ کی ترقی میں خواتین کا بھی اہم کردار ہوتا ہے ۔ ہماری خواتین معاشرے کی ترقی میں اہم کردار ادا کررہی ہیں۔ تعلیمی اداروں کا انتظام75فیصد خواتین کے پاس ہے وہ نوجوان نسل کی درست سمت کی طرف رہنمائی کریں۔ انہوں نے کہاکہ کراچی کا ملک میں اہم ترین مقام ہے خصوصاً معیشت کی ترقی میں کراچی کا بڑا کردار ہے۔ حکومت نے ستمبر 2013ء کو کراچی میں آپریشن شروع کیاتھا جس سے دہشت گردی پر قابو پالیا گیا ہے اب دوسرے مرحلے میں معاشی اور سماجی سرگرمیوں کو بحال ہونا ہے۔ اس میں پرائیوٹ سیکٹر کا اہم کردار ہے تاکہ نوجوانوں میں بے روزگاری ختم ہو۔ آرٹس کونسل کراچی کے ان پروگراموں سے کراچی میں سماجی سرگرمیوں کو بحال ہونے میں خاصی حد تک مدد ملے گی۔ احمد شاہ جو کام کررہا ہے اس سے شہر میں سماجی سرگرمیوں کو زبردست فروغ مل رہا ہے اور آرٹس کونسل اس وقت پورے پاکستان میں سماجی، ادبی اور علمی سرگرمیوں کا مرکز بن چکا۔

Back to Conversion Tool