حکمرانوں نے حکومت بچانے کیلیے ختم نبوت پر ڈاکا زنی کی ہے،رانا عدنان خان

142

فیصل آباد (وقائع نگار خصوصی)جماعت اسلامی یوتھ کے ضلعی صدرراناعدنان خان نے کہا ہے کہ جسٹس باقر نجفی کمیشن کی رپورٹ نے قاتلوں کے چہروں سے نقاب ہٹا دیا ہے، اب فیصلوں کی گھڑی ہے، قاتل اقتدار کا خاتمہ کرکے دم لیں گے، نواز شریف نے ملک کو تباہی کے دہانے پر پہنچایا اسے انجام تک پہنچائیں گے۔ نواز شریف نفرت کی علامت بن چکا ہے اور اس کا انجام دنیا دیکھے گی۔امیرجماعت اسلامی سراج الحق کی ہدایت پرجے آئی یوتھ حصول انصاف کی جنگ میں عوامی تحریک کے ساتھ ہے، اب وقت آگیا ہے پاکستان کو برباد کرنے والوں کو برباد کر دیا جائے۔ اے پی سی کے فیصلے شریف اقتدار کے مردے کو دفنانے کا سبب بنیں گے۔ انہوں نے کہاکہ ملک میں جہاں جہاں (ن)لیگ کی حکومت قائم ہے ان کاخاتمہ ہوگا، شہبازشریف کے ظلم کی سلطنت کا خاتمہ ہوگا، اب شہبازشریف، رانا ثناء اللہ ہی نہیں بلکہ ان کی پوری کابینہ کا خاتمہ ہوگا۔ اب جو تحریک چلے گی وہ رکے گی نہیں بلکہ اس کادائرہ وسیع ہوتا جائے گا ۔ ایک ایک جرم کا حساب لیا جائے گا۔ عوام کے ہاتھ ہوں گے اوران کے گریبان ہوں گے۔ حکمرانوں نے اپنی حکومت بچانے کیلیے ختم نبوت پر ڈاکا زنی کی ہے، اب پس پردہ چہرے بے نقاب ہوں گے جنہوں نے مسلمانوں کے ایمان پر ڈاکا ڈالا ہے، اب انہیں حساب چکانا ہوگا۔