امریکا نے پاکستان کے ساتھ غداری کی ہے ،میاں زبیر لطیف

217

فیصل آباد(وقائع نگارخصوصی)جماعت اسلامی حلقہ پی پی68کے امیر میاں زبیر لطیف،جنرل سیکرٹری چودھری نویداسلم،نائب امیررانانعیم خان، عبدالستاربیگا اور رانا غفار خان نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ امریکا نے گزشتہ 70 برسوں میں پاکستان سے غداری اور بے وفائی کی ہے، ڈونلڈ ٹرمپ کے استحصالی اور سامراجی رویے کی بھرپور مذمت کرتے ہیں، امریکی خفیہ دستاویزات میں اس بات کا انکشاف ہو اہے کہ پاکستان کے پہلے وزیر اعظم لیاقت علی خان کا قتل امریکا نے کرایے کے قاتلوں کے ذریعے کیا تھا، امریکا کی طرف سے پاکستان میں قتل و غارت کا سلسلہ لیاقت علی خان سے شروع ہوکر تاحال جاری ہے،امریکی امداد کا دعویٰ ڈھونگ ہے، دہشت گردی کی جنگ میں پاکستان کو 118 ارب ڈالر ز اور 70ہزار انسانی جانوں کا نقصان اٹھانا پڑا ہے۔ امریکی قرض در اصل دائمی مرض ہے، جب تک امریکی قرض سے نجات حاصل نہیں کرتے امریکی غلامی کے مرض سے نہیں نکل سکتے۔وفاقی حکومت ناٹو سپلائی بند کرے، امریکا کو کسی بھی قسم کی لاجسٹک یا انٹیلی جنس شیئرنگ ختم کرے۔ قوم کو متحد کرنے کے لیے حکومت پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس اور تمام جماعتوں کو امریکی دھمکیوں کے خلاف اعتماد میں لینے کے لیے آل پارٹیز کانفرنس منعقد کرے۔ یہی وقت ہے کہ امریکا کے ڈومور کے جواب میں نو مور کہا جائے۔پاکستان کو دنیا کی کوئی طاقت مٹا نہیں سکتی، جماعت اسلامی پہلے دن سے امریکی غلامی کے خلاف جدوجہد کررہی ہے۔