کوئٹہ‘ بلوچستان اسمبلی کے قریب خودکش دھماکا‘7افراد جاں بحق

529
ہمارا دفاعی انحصار امریکا سے روس اور چین کی طرف منتقل ہو رہا ہے،پاکستان
ہمارا دفاعی انحصار امریکا سے روس اور چین کی طرف منتقل ہو رہا ہے،پاکستان

کوئٹہ ،اسلام آباد (آن لائن+صباح نیوز)کوئٹہ میں بلوچستان اسمبلی سے 300میٹر کے فاصلے پر جی پی او چوک میں پولیس کی گاڑی کے قریب خودکش حملے میں 6 سیکورٹی اہلکاروں سمیت7افراد جاں بحق اور 25 سے زائد افراد زخمی ہو گئے۔ صدر مملکت ممنون حسین، وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی، چاروں صوبائی گورنر و وزرائے اعلیٰ،وفاقی اور صوبائی وزرا اور سیاسی و مذ ہبی رہنماؤں نے دھماکے کی شدید مذمت، جاں بحق افراد کے لواحقین سے تعزیت اور زخمیوں سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔ منگل کوبلوچستان اسمبلی کا اجلاس ختم ہونے کے کچھ ہی دیربعد جب سیکورٹی ہٹائی گئی تو اسمبلی سے300میٹر کے فاصلے پر جی پی او چوک زرغون روڈ پر کھڑی پولیس کی گاڑی کے قریب زوردار دھماکا ہو گیا جو اس قدر شدید تھا کہ اس کی آواز دور دور تک سنی گئی ،دھماکے سے قریبی عمارتوں اور قریب کھڑی گاڑیوں کو بھی شدید نقصان پہنچا جبکہ پولیس کی گاڑی میں موجود 6اہلکار اور ایک راہگیر موقع پر جاں بحق اور25 سے زائد افراد زخمی ہو گئے جن میں پولیس اہلکار اور سولین شامل ہیں،دھماکے کے بعد امدادی ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر زخمیوں اور لاشوں کو اسپتال منتقل کیا جبکہ فورسز نے
علاقے کو گھیرے میں لے کر واقع کی تحقیقات شروع کر دی۔ڈپٹی کمشنر کوئٹہ کے مطابق دھماکا خودکش تھا ،موٹر سائیکل سوار حملہ آور نے بلوچستان کانسٹیبلری کے ٹرک کو ٹکر ماری جس سے دھماکا ہوا،ایک بس بھی دھماکے کی زد میں آئی۔ پولیس کی ابتدائی تحقیقات کے مطابق موٹر سائیکل سوار حملہ آور بلوچستان اسمبلی کی طرف جانا چاہتا تھا اور آگے جانے میں ناکامی پر اس نے بلوچستان کانسٹیبلری کے ٹرک کو ٹکر مار دی۔سیکورٹی ذرائع کے مطابق دھماکا خودکش تھا جس میں10سے15کلو بارودی مواد استعمال کیا گیا۔ دوسری جانب صدر مملکت ممنون حسین اور وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے جاں بحق افراد کے لواحقین سے تعزیت اور زخمیوں سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا۔گورنر بلوچستان محمد خان اچکزئی نے دھماکے کی مذمت، جاں بحق افراد کے لواحقین سے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے زخمیوں کو بہتر طبی سہولتیں فراہم کرنے کی ہدایت کی ۔ ادھر وفاقی اور صوبائی وزرا، چاروں گورنرز اور وزرائے اعلیٰ،وزیراعظم آزاد کشمیر، وزیراعلیٰ گلگت بلتستان ،سابق صدر آصف علی زرداری ، بلاول زرداری،مسلم لیگ (ق)کے صدرچودھری شجاعت حسین،عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد اوردیگر سیاسی و مذہبی رہنماؤں نے دھماکے کی شدید مذمت کی ہے۔
کوئٹہ: پولیس ٹرک پر خودکش حملے کے بعد سیکورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لیا ہوا ہے