محکمہ تعلیم کا انوکھا کارنامہ ،غیر تدریسی عملے کو پڑھانے پر مامور کردیا 

156

کراچی (رپورٹ: حماد حسین) ڈسٹرکٹ میونسپل کارپویشن جنوبی کے محکمہ تعلیم کے تحت قائم اسکولوں میں غیرتدریسی عملے نے پڑھانا شروع کردیا۔ اعلیٰ افسران کی عدم توجہی کے باعث کئی اسکولوں کی عمارتیں مخدوش اور طلبہ و طالبات کے لیے بنیادی ضروریات کا فقدان ہے۔ ذرائع کے مطابق کراچی بھر کے ڈسٹرکٹ میونسپل کارپوریشنز کے تحت چلنے والے پرائمری ،لوئر سکینڈر ی اور سکینڈری اسکولوں میں اساتذہ کی کمی پر کوئی خاطرہ خواہ کام نہ ہونے کے باعث ہر ڈسٹرکٹ میں اساتذہ کی کافی کمی ہے جس کے باعث ڈسٹرکٹ میونسپل کارپوریشن جنوبی کے محکمہ تعلیم نے انوکھا کارنامہ انجام دے دیا۔ ڈسٹرکٹ انتظامیہ نے اپنے
مختلف محکموں میں خدمات انجام دینے والے غیر تدریسی عملے کو زون لیاری کے کئی اسکولوں میں پڑھانے کے لیے ان کا تبادلہ اسکولوں میں کردیا ہے۔ ذرائع کا کہنا تھا کہ اس طرح کی صورتحال لیاری زون کے کم وبیش سبھی اسکولوں کی ہے جہاں ڈی ایم سی کے محکمہ تعلیم کے اساتذہ کم ہیں جبکہ ان کی جگہ ٹاؤن آفس کے غیر تدریسی عملے کو دے دی گئی ہے اور جو تھوڑی بہت بچ گئی ہے وہاں اسکولوں میں تعینات انچارچز نے اپنی مدد آپ کے تحت ڈھائی ہزار سے 4 ہزار تک میں کنٹریکٹ پر اساتذہ کا تقرر کیا ہے جوکہ بہت کم ہے۔ محکمہ تعلیم زون جنوبی کے ایک پرنسپل نے نام نہ ظاہر کرنے کی شرط پر بتایا کہ ہمارے اسکولوں میں اساتذہ کی بہت کمی ہے اور اس حوالے سے ہم اپنے اعلیٰ حکام کو کئی بار تحریری طور پر درخواست دے چکے ہیں تاہم ان کی جانب سے اس درخواست پر کوئی نظرثانی نہیں کی گئی بلکہ انہوں نے ڈسٹرکٹ میں خدمات انجام دینے والے غیر تدریسی عملے کا اسکولوں میں تبادلہ کردیا جو سمجھ سے بالاتر تھے۔ ہماری درخواست پر ہو نا تو یہ چاہیے تھا کہ ہمارے افسر ہمیں بلا کر پوچھتے تو کہ یہ آپ نے درخواست دی ہے کہ ٹیچر نہیں ہے تو آپ ادارہ کیسے چلارہے ہیں۔ تاہم کسی بھی افسر نے اس کی زحمت نہیں کی۔ ذرائع کا مزید کہنا تھا ڈسٹرکٹ میونسپل کارپوریشن جنوبی کے تحت سرکاری اسکولوں کی عمارتیں عدم توجہی کی بناء پر ٹوٹ پھو ٹ کا شکار ہیں۔ کئی اسکولوں کی عمارتیں خستہ حال ہو گئی ہیں جس کے باعث کئی جگہوں سے پلاستر گرجاتا ہے۔ اس حوالے سے تعلیمی اداروں نے تحریری درخواست بھی جمع کراوئی تھی کہ ان اسکولوں کی عمارتوں کی مرمت کی جائے ۔