اسٹیٹ بینک کو اسلامی مالیات کو فروغ دینےوالا بہترین مرکزی بینک قرار دے دیا گیا

336

 اسٹیٹ بینک آف پاکستان کو اسلامی مالیات کو فروغ دینے والا بہترین مرکزی بینک قرار دیا گیا ہے۔ اسٹیٹ بینک قبل ازیں 2015ء میں بھی یہ ایوارڈ جیت چکا ہے۔ یہاں یہ بیان کرنا اہمیت کا حامل ہے کہ 2016ء میں پاکستان کو Edbiz کنسلٹنگ لمیٹڈ، برطانیہ کی جانب سے گلوبل اسلامک فنانس ایوارڈ (وکالتی ایوراڈ) دیا گیا تھا۔ یہ گذشتہ برسوں کے دوران ملک میں اسلامی مالیاتی صنعت کی پائیدار ترقی کے لیے مضبوط بنیادیں رکھنے کے حوالے سے اسٹیٹ بینک کے پختہ عزم اور وابستگی کا اعتراف ہے۔ 2002ء میں دوبارہ متعارف کرائے جانے کے بعد سے اسلامی بینکاری کی صنعت میں خاصی نمو ہوئی ہے۔ آخر ستمبر 2017ء تک  اثاثوں کے لحاظ سے اسلامی بینکاری کا حصہ 11.9 فیصد اور   ڈپازٹس میں حصہ  13.7 فیصد ہے جبکہ ملک بھر میں اس کا نیٹ ورک 2,368 برانچوں پر مشتمل ہے۔آئی ایف این نے پول کے نتائج کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ اسٹیٹ بینک نے پاکستان کے اسلامی بینکاری کے شعبے کی تعمیر نو میں متاثر کن عزم کا مظاہرہ کیا ہے اور  اس صنعت کو مضبوط تعاون اور گہری بنیادوں کی تعمیرمیں اعانت کی  جن پر اب یہ صنعت کھڑی ہو سکتی ہے۔ایوارڈ دینے کی وجوہات میں 2017ء میں  اسلامی بینکاری اور مالیات کی اعانت کے لیے  خاصے اقدامات، جن میں ایک روایتی بینک سے اسلامی بینک میں منتقلی کے بارے میں تفصیلی رہنما اصولوں کا اجرا،  بیرونی آڈیٹنگ کے لیے شریعہ گورننس فریم ورک میں ترامیم ، اسلامی لین دین کے لیے ٹیکس جانبداری (neutrality) اور entrepreneurship کو تقویت دینے کے لیے ایک نئی ایس ایم ای پالیسی  کا متعارف کرانا شامل ہیں۔حکومت پاکستان نے بھی اس صنعت کو ترقی دینے میں مضبوط عزم کا مظاہرہ کیا ہے۔  اس مقصد کے حصول کے لیے پاکستان میں اسلامی بینکاری کو فروغ دینے کے لیے  حکومت کی جانب سے اسٹیئرنگ کمیٹی تشکیل دی گئی جس سے تمام فریقوں میں مطلوبہ ہم آہنگی پیدا کرنے میں بہت مدد ملی۔ اس کے بعد ایک عملدرآمد کمیٹی بنائی گئی  تا کہ اسٹیئرنگ کمیٹی کی سفارشات کو عملی جامہ پہنایا جا سکے۔ اس کی چار ذیلی کمیٹیوں کے نام یہ ہیں: (i) ذیلی کمیٹی برائے قانونی و ضوابطی فریم ورک  (ii) ذیلی کمیٹی برائے ٹیکس کاری (iii) ذیلی کمیٹی برائے سرمایہ منڈی اور (iv)ذیلی کمیٹی برائے آگاہی، تربیت و استعداد کاری بھی  پاکستان میں اسلامی بینکاری کو فروغ دینے کے لیے تندہی سے کام کر رہی ہیں۔