فراہمی و نکاسی آب کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے: جان محمد بلوچ

319

چیئرمین بلدیہ ملیر کی ایم ڈی واٹر اینڈ سیوریج بورڈسے بڑھتے ہوئے مسائل کے حل کیلئےملاقات

کراچی(اسٹا ف رپورٹر)چیئرمین بلدیہ ملیر جان محمد بلوچ نے ضلع میں سیوریج کی بڑھتی ہوئی شکایات کے ازالے کیلئے ایم ڈی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ ہاشم رضاء زیدی سے اہم ملاقات کرتے ہوئے ضلع ملیر میں سیوریج کے مسائل سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ ملیر کی تمام یوسیز میں 90 فیصد مسائل سیوریج کے ہیں ، جو تشویش ناک حد تک بڑھ چکے ہیں ، جس کا فوری حل نہ نکالا گیا تو سیوریج کے مسائل پر قابو پانا انتہائی مشکل ہوجائے گا، سیوریج کی لائنیں ٹوٹ پھو ٹ کا شکار ہیں ، سڑکوں پر گندہ پانی جمع ہو جاتا ہے اور گڑھے پڑ جاتے ہیں جسکی وجہ سے ٹریفک کی روانی متاثر ہوتی ہے ، گٹروں پر ڈھکن نہ ہونے کی وجہ سے حادثات رونما ہوتے ہیں ، سیوریج مسائل کی وجہ سے تمام یوسیز میں صفائی ستھرائی کے روزمرہ کی بنیاد پر ہونے والے کام بہت زیادہ متاثر ہو رہے ہیں ۔ چیئرمین بلدیہ ملیرنے ایم ڈی واٹر بورڈ اینڈ سیوریج بورڈ سے مطالبہ کیا کہ ملیر میں فراہمی و نکاسی آب کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے، ایم ڈی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ نے کہا کہ کراچی میں بڑھتی ہوئی آبادی اور پرانی سیوریج لائنوں کی ٹوٹ پھوٹ اور لائنوں کی بلاکنک کی وجہ سے سیوریج کے مسائل کا سامنا ہے ، جس کے حل کیلئے انجینئر ز اور عملے کی خصوصی ٹیم روانہ کر رہے ہیں ، جو مسائل کا جائزہ لے کر برق رفتاری سے ان کا ازالہ کرے گی ، ایم ڈی واٹراینڈ سیوریج بورڈ نے چیئرمین بلدیہ ملیر جان محمد بلوچ کو اپنے ہر ممکنہ تعاون کا یقین دلاتے ہوئے کہا کہ آپ کی مدد سے بلدیہ ملیر سے سیوریج کے مسائل کو حل کرنے کیلئے ہر ممکن اقدامات کرینگے۔