پاکستانی تاجر برادری سی پیک منصوبے میں شرکت یقینی بنائے۔ یاﺅ جنگ

527

پاکستان میں تعینات چین کے نئے سفیر جناب یاﺅ جنگ نے کہا کہ پاکستان کی تاجر برادری سی پیک منصوبے میں بھرپور شرکت یقینی بنائے جس سے ان کو اپنے کاروبار کو فروغ دینے کے بہتر مواقع فراہم ہوں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آبا د چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے ایک وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کیا جس نے چیمبر کے صدر شیخ عامر وحید کی قیادت میں ان کے دفتر میں ان سے ملاقات کی۔ چین کے سفیر نے کہا کہ سی پیک کے تحت پاکستان میں اسپیشل اکنامک زون قائم کئے جائیں گے لہذا انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان کا نجی شعبہ ان زونز میں جوائنٹ وینچرز و سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کرنے کی کوشش کریں کیونکہ ان زونز میں ان کو کاروباری شراکتوں اور پارٹنرشپ کے بہت سے مواقع فراہم ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ چین نے تیز رفتار اقتصادی ترقی حاصل کی ہے اور پاکستان چین کے ساتھ قریبی تعاون فروغ دے کر اور چین کے تجربے و مہارت سے فائدہ اٹھا کر اپنی معیشت کو بہتر فروغ دے سکتا ہے۔ یاﺅ جنگ نے کہا کہ چین اور پاکستان کی باہمی تجارت زیادہ تر چین کے حق میں ہے لہذا انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان کی تاجر برادری چین کے ساتھ تجارت و برآمدات کومزید فروغ دینے کیلئے کوششیں تیز کرے۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ وہ اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے ساتھ مل کر چین اور پاکستان کے نجی شعبوں کے مابین مضبوط روابط کو فروغ دینے کی کوشش کریں گے۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر شیخ عامر وحید نے یاﺅ جنگ کو پاکستان میں چین کا سفیر تعینات ہونے پر مبارک باد پیش کی اور اس امید کا اظہار کیا کہ وہ پاکستان اور چین کے باہمی تجارتی و اقتصادی تعلقات کو مزید مضبوط کرنے کیلئے اپنا کردار ادا کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ چین کا سفارتخانہ چین کی مارکیٹ میں پاکستانی مصنوعات کی مانگ کے بارے میں معلومات چیمبرسے شیئر کرے تا کہ مقامی تاجر برادری چین کے ساتھ برآمدات کو فروغ دینے کیلئے کوششیں تیز کر سکے۔ شیخ عامر وحید نے کہا کہ سی پیک منصوبہ پاکستان کے بہتر معاشی مستقبل کیلئے ایک نئی امید ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس اہم منصوبے کے بارے میں نجی شعبہ کو تفصیلی معلومات فراہم کرنے کیلئے چین کا سفارتخانہ چیمبر میں سی پیک پر بریفنگ دے تا کہ مقامی تاجر برادری اس منصوبے میں پائے جانے والے کاروباری مواقعوں سے بہتر استفادہ حاصل کر سکے۔ انہوں نے کہا کہ چین پاکستان کو ٹیکنالوجی کی منتقلی کرے اور اپنی مہارت شیئر کرے تا کہ پاکستان چین کے تعاون سے اپنی معیشت کو مضبوط کرنے کی طرف مثبت پیش رفت کر سکے۔ انہوں نے کہا کہ چین کے بہت سے وفود سی پیک کی وجہ سے پاکستان کا دورہ کر رہے ہیں تاہم انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ سی پیک میں دونوں ممالک کے نجی شعبوں کو مساوی مواقع فراہم کئے جائیں تا کہ دونوں ممالک کیلئے یہ منصوبہ فائدہ مند نتائج کا باعث ہو۔ اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سینئرنائب صدر محمد نوید، نائب صدر نثار مرزا، محمد اعجاز عباسی، شعبان خالد، کریم عزیز ملک اور حامد وحید وفد میں شامل تھے۔