یومیہ 15 کروڑٹیکس ادا کرنے والا کورنگی صنعتی زون سہولیات سے محروم 

315

کراچی (رپورٹ:منیر عقیل انصاری) کورنگی کا صنعتی زون یومیہ 15 کروڑ روپے کے ٹیکسز ادا کرنے کے باوجود بنیادی سہولتوں سے محروم، گودام چورنگی کے اطراف سڑک پر آئے دن سیوریج پانی کھڑا رہتا ہے، سڑک تباہ حالی کی جانب گامزن ہے جبکہ برسات میں چمڑا چورنگی سے گودام چورنگی تک برساتی نالہ ابل پڑتا ہے جس سے آمدورفت شدید متاثر ہوتی ہے، برساتی نالے کی صفائی کا کام ہمیشہ کاسمیٹک ورک ثابت ہوتا ہے، کورنگی انڈسٹریل ایریا جرائم پیشہ عناصر کی بہترین آماجگاہ بن چکا ہے، اسٹریٹ لائٹس کا تصور ختم ہو گیا ہے، مین روڈ پر قائم صنعتی زون اپنی فیکٹریوں کے آگے اسٹریٹ لائٹس لگا کر روشنی کا انتظام کیے ہوئے ہیں، اندرون انڈسٹریل ایریا لائٹس کا کوئی تصور نہیں، آوارہ کتوں کی بہتات نے فیکٹری ملازمین کی زندگی اجیرن بنا دی، رات کے اوقات میں کھانے پینے کی اشیا لا یا لے جا نہیں سکتے ہیں۔ لانڈھی، کورنگی کا صنعتی علاقہ اس لحاظ سے اہمیت رکھتا ہے کہ یہ ملک کا سب سے بڑا صنعتی علاقہ ہے اور روزانہ15 کروڑ روپے سے زائد ٹیکسز کی مد میں دے کر ملک کی تعمیر و ترقی میں اپنا کردار ادا کرتا ہے، مگر یہاں بنیادی ضروریات کا شدید فقدان ہے، ہزاروں صنعتی یونٹس پانی کی ضروریات پوری کرنے کے لیے رہائشی علاقوں کا ملی بھگت سے پانی چوری کر کے کام چلا رہے ہیں، دوسری جانب صفائی ستھرائی کا ناقص نظام جگہ جگہ نظر آتا ہے، صنعتی کچرا بھی معقول طریقے سے ٹھکانے لگانے کے بجائے خالی جگہوں پر پھینک دیا جاتا ہے جب کہ برساتی نالوں کا کیمیائی فضلے سے بھرا ہونا معمول کی بات ہے، گودام چورنگی پر سیوریج لائن کی خرابی کے سبب آئے دن پانی کھڑا رہتا ہے جس سے مین روڈ تباہ حالی کا شکار ہے ۔کورنگی صنعتی ایریا کی مرکزی سڑک پر اسٹریٹ لائٹس موجود ہی نہیں ہیں جب کہ ہیوی ہائی ٹینشن بجلی کی لائنیں یہاں سے گزر رہی ہیں، اندرون صنعتی ایریا میں اسٹریٹ لائٹس نہ ہونے کی وجہ سے جرائم پیشہ عناصر نے ایسی جگہوں کو اپنا مسکن بنا رکھا ہے۔ شہر کی ستر فی صد اسٹریٹ کرائمز کی وارداتیں صنعتی علاقوں میں رونما ہو رہی ہیں جو متعلقہ محکمہ جات کے لیے لمحہ فکرہیں۔ صنعتی ماہر ین کا کہنا ہے کہ ملک کے ریونیو میں بڑا حصہ ڈالنے والے کورنگی صنعتی زون کو کراچی کا مثالی ایریا ہونا چاہیے مگر بری صورت حال نے اسے جکڑ رکھا ہے۔ ارباب اختیار محض دورے کرنے کے بجائے عملی طور پر کورنگی انڈسٹریل ایریا کی حالت کے سدھار میں اپنا کردار ادا کریں کیونکہ ملک کی ترقی وخوشحالی ان صنعتی یونٹس کی بہتری سے وابستہ ہے۔اس حوالے سے مو قف جاننے کے لیے جسارت نے چیئر مین بلدیہ کورنگی سیدنیر رضا سے متعدد بار رابط کر نے کی کو شش کی تاہم ان سے رابط نہیں ہو سکا۔