قصو رواقعہ نے وزیراعلیٰ کی کارکردگی کاپول کھول دیا،جماعت اسلامی 

172

راولپنڈی (وقائع نگار خصوصی) جماعت اسلامی کے ضلعی جنرل سیکرٹری ظفرالحسن جوئیہ، نائب امرا ضلع راجا محمد جواد، محمد وقاص خان، امتیاز علی اسلم، چودھری عطا ربانی و دیگر ذمے داران نے قصورمیں معصوم زینب کے اندوہناک قتل کوپوری قوم کے لیے شرم کا باعث قرار دیتے ہوئے کہا کہ پنجاب سمیت ملک بھر میں مسلسل معصوم بچوں کے ساتھ زیادتی کے بعدقتل کے واقعات کے باوجود قانون اندھا اور گونگا نظر آرہا ہے، عدالتیں اگر مجرموں کو سزا دیں تو جاگیردار اور وڈیرے اپنی دولت کے بل بوتے پر انصاف کا خون کردیتے ہیں، اپنے مذمتی بیان میں جماعت اسلامی کے رہنماؤں نے کہا کہ قصور کے حالیہ واقعے اور اس سے قبل ہونے والے اس طرز کے درجنوں واقعا ت نے وزیر اعلیٰ شہباز شریف کی پھرتیوں اور گڈگورننس کا پول کھول دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس شرمناک اقدام کے خلاف احتجاج کرنے والے مظاہرین پر پنجاب پولیس کے گلو بٹوں کی براہ راست فائرنگ کے نتیجے میں تین قیمتی انسانی جانوں کا ضیاع امن وامان کی صورتحال کو بد تر کرنے کی سازش ہے، ایسے مجرمانہ ذہنیت کے اہلکاروں کی قانون نافذ کرنے والے اداروں میں کوئی جگہ نہیں ہونی چاہیے۔