حکمران امریکا سمیت عالمی استعمار کے غلاموں کا کردار ادا کررہے ہیں،شمس الرحمن 

190

راولپنڈی (وقائع نگار خصوصی) امیر جماعت اسلامی ضلع راولپنڈی شمس الرحمن سواتی نے کہا ہے کہ اسلامی ممالک کے حکمران بے حمیت اوربے غیرت ہوسکتے ہیں لیکن امت مسلمہ میں ابھی غیرت باقی ہے اوروہ مسجد اقصیٰ و القدس پرکسی صورت اسرائیلی غاصبوں کا قبضہ زیادہ دیر برداشت نہیں کرے گی، ترک صدر طیب اردگان کی صورت ایک بارپھرسیدصلاح الدین ایوبی اٹھیں گے اور القدس کی جانب بڑھنے والے ہاتھ کاٹ دیں گے۔ 14برس کے نوجوان پر پچاس پچاس فوجیوں کے ذریعے ہلہ بول کراس کی آنکھوں پرپٹی باندھ کرلے جانے والے اسرائیلی دہشت گرد ہی نہیں بزدل بھی ہیں، وہ ایٹمی اور ہائیڈروجن بموں سے اس قدر خوفزدہ نہیں جتنا فلسطین کے بچوں اور بچیوں کے ہاتھوں میں غلیل اور پتھروں سے خوفزدہ ہیں، رب کعبہ کی قسم مسلمانوں کے جسم میں جب تک خون کا آخری قطرہ باقی ہے وہ القدس اورمکہ ومدینہ کے دفاع کے لیے لڑیں گے اور القدس کے بعد مدینہ منورہ پر قابض ہونے کی اسرائیلی سازش کو اللہ کی نصرت سے اسی پرالٹ دیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے دولتالہ اور جاتلی سمیت دیگر علاقوں میں سیرت النبیؐ کے بڑے جلسوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر نائب امیر ضلع راجا محمد جواد سمیت دیگر مقامی رہنماؤں اور علمائے کرام نے بھی خطاب کیا۔ شمس الرحمن سواتی نے کہا کہ دنیا بھر میں مسلمان اس وجہ سے کمزور ہیں کیونکہ اسلامی ممالک کے حکمران امریکا سمیت عالمی استعمار کے غلاموں کا کردار ادا کررہے ہیں۔ یہودی صرف مسجد اقصیٰ کی جگہ ہیکل سلیمانی کی تعمیر نہیں بلکہ مدینہ منورہ پر بھی قبضہ کرنا چاہتے ہیں۔ بیت المقدس کے مسئلے پر مسلم ممالک کے عوام ایک طرف اور حکمران دوسری طرف کھڑے ہیں لیکن امہ کی حمیت کبھی بھی اپنے ایمان پر امریکا واسرائیل کی غلامی کو ترجیح نہیں دے گی اور بہت جلد وہ وقت آنے والا ہے جب دنیا پر اسلام کا غلبہ ہوگا۔ پاکستان میں نظام مصطفیؐ نافذ اور کرپٹ ٹولہ جیلوں میں ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ عوام اسلام پسند اور نظریہ پاکستان پر یقین رکھنے والی قوتوں کو اقتدار سونپیں تاکہ پاکستان سمیت امت مسلمہ کے زوال کا راستہ روکا جاسکے۔