زینب پر ظلم کیخلاف کراچی میں بھی احتجاج

431

کراچی میں بھی شہری معصوم زینب پر ہونے والے ظلم پر اپنی دلی کیفیت برقرار نہ رکھ سکے اور سراپا احتجاج بن گئے۔

شہر میں کئی مقامات پر احتجاج کیا گیا اور سندھ اسمبلی میں زینب کے بہیمانہ قتل پر مذمتی قرارداد منظور کی گئی، رکن اسمبلی نصرت سحر عباسی غم سے روپڑیں۔

بچے بڑے سب ہی زینب کے قاتل کو گرفتار کرکے سخت سزا دینے کی آواز بلند کررہے ہیں۔

شہر میں بچوں کے فٹ پاتھ اسکول کے طالب علم بھی زینب کیلئے درد رکھتے ہیں، قصور کی ننھی کلی مقتولہ زینب کے لیے طلباء نے فاتحہ خوانی کا اہتمام کیا، زینب کے قاتل کی گرفتاری کے لیے ننھے بچوں نے بھرپوراحتجاج بھی کیا۔

احتجاج کرنے والے بچوں نے ہاتھوں میں پلے کارڈ تھامے ہوئے تھے جن پر ’میں بھی زینب ہوں ‘ تحریر تھا، احتجاج کرنے والے بچوں نے حکومت پنچاب سے قاتلوں کی فی الفور گرفتاری کا مطالبہ بھی کیا۔

کلفٹن دوتلوار پربھی شہریوں کی جانب سے زیاتی کا شکار ہونے والی زینب کے انصاف کیلئے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔

زینب کے بہیمانہ قتل کے خلاف مشترکہ مذمتی قرارداد سندھ اسمبلی میں پاس کی گئی، نصرت عباسی زینب کے واقعے پر تقریر کرتے ہوئے رو پڑیں جبکہ سینئر وزیر نثار کھوڑو نے کہا کہ زینب واقعے پر ہرآنکھ اشکبار ہے، اس واقعے کو بھول نہیں سکتے۔

اراکین اسمبلی نے مطالبہ کیا کہ قاتلوں کو گرفتار کیا جائے اور اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ آئندہ اس قسم کے واقعات رونما نہ ہوں۔