الخدمت اربوں روپے انسانیت کے لیے خرچ کررہی ہے،اسماعیل شاہ

137

راولپنڈی (وقائع نگار خصوصی) جماعت اسلامی کے ضلعی امیر شمس الرحمن سواتی نے کہا کہ عوام کی محرومیوں کا ازالہ کرنا اور انہیں بنیادی ضروریات فراہم کرنا ریاست کی ذمے داری ہوتی ہے لیکن بدقسمتی سے مسند اقتدار پر موجود حکمران اپنی ذمے داریاں پوری نہیں کررہے، جس کی وجہ سے معاشرے میں غربت، بے روزگار ی کے اضافے سمیت عوام کو تعلیم، صحت سمیت صاف پانی تک میسر نہیں، ایسے حالات میں فلاحی تنظیموں کا کردار قابل فخر ہے، جو بلا تفریق عوام کی خدمت کررہی ہیں۔ اہل خیرخواتین وحضرات انسانیت کی خدمت میں الخدمت کے دست وبازو بنیں اور نوجوان اپنی بہترین صلاحیتیں اس کام کے لیے وقف کریں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ضلعی صدر سید اسماعیل شاہ کی زیر صدارت منعقد ہ الخدمت فاؤنڈیشن کی ضلعی جنرل کونسل کے اہم اجلاس سے خطا ب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پرضلعی جنرل سیکرٹری امجد شاہ سمیت ضلع بھرسے تحصیل وزونل صدور اور دیگر ذمے داران نے شرکت کی۔ ضلعی صدر اسماعیل شاہ نے کہاکہ الخدمت ملک کی بڑی فلاحی تنظیم ہے جس کا نیٹ ورک یونین کونسل سطح تک موجود ہے، ہم آرگنائزیشنل اسٹرکچرکی مضبوطی کی لیے مزید مؤثر اقدامات کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ڈیزاسٹر مینجمنٹ، ہیلتھ سروسز، ایجوکیشن، صاف پانی، کفالت یتامیٰ، قرض حسنہ اور سماجی خدمات کے پروگراموں پر اربوں روپے پاکستان سمیت دنیا بھر میں بلاتفریق مذہب ولسانیت خرچ کرتے ہیں۔