کاروبار حصص میں مندی ،سرمایہ کارو ں کو99 ارب روپے کاخسارہ

164

کراچی (کامرس رپورٹر )پاکستان اسٹاک ایکس چینج میں رواں کاروباری ہفتے کے آخری روزجمعہ کو بھی کاروبار حصص میںمندی رہی اور 400سے زائد پوائنٹس کے اضافے سے کے ایس ای100انڈیکس43ہزار پوائنٹس کی بلند سطح سے گھٹ کر42900پوائنٹس کی پست سطح پر بند ہوا جبکہ مارکیٹ میں سرمایہ کارو ں کے99 ارب روپے سے زائد ڈوب گئے جس کے سبب سرمائے کا مجموعی حجم 90کھرب روپے سے گھٹ کر 89کھرب روپے پر آگیا ۔شیئرز مارکیٹ میں ابتدائی سیشن کے دوران تیزی کا رجحان دیکھا گیا جس کے باعث ٹریڈنگ کے دوران انڈیکس 43436پوائنٹس پر جا پہنچا بعد ازاں مقامی انسٹی ٹیوشنز اور بروکریج ہاﺅسز کی جانب سے منافع خوری کی خاطر فروخت کے دباﺅ کے سبب انڈیکس کی الٹی گنتی شروع ہو گئی اور کاروبار کے دوران100انڈیکس 43300،43200،43100اور 43000 پوائنٹس کی 4بالائی حد سے گنو ابیٹھا ۔پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں جمعہ کو کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای100انڈیکس میں461.56پوائنٹس کی کمی سے 42933.72پوائنٹس پر آگیا۔ کے ایس ای229.19پوائنٹس کی کمی سے30انڈیکس 21671.01پوائنٹس اور کے ایس ای آل شیئرز انڈیکس 359.68پوائنٹس کم ہو کر 30932.07پوائنٹس پر بند ہوا ۔مارکیٹ میں جمعہ کے روز مجموعی طور پر 368کمپنیوں کا کاروبار ہوا جس میں سے80کمپنیوں کے حصص کی قیمتو ں میں اضافہ ،276میں کمی اور 12کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں استحکام رہا ۔ جمعہ کو 23کروڑ86لاکھ 73ہزارسے زائد حصص کے سودے ہوئے جبکہ گزشتہ روز جمعرات کو 31کروڑ94 لاکھ51ہزار120 شیئرز کا کاروبار ہوا تھا۔ کاروباری مندی کے سبب مارکیٹ کا مجموعی سرمایہ99ارب46کروڑ8لاکھ58ہزار534روپے کی کمی سے 89کھرب5ارب 9کروڑ54لاکھ 39ہزار 257روپے رہ گیا ۔ قیمتوں کے اعتبار سے کولگیٹ پامولیو کے حصص کی قیمت134.00روپے کے اضافے سے2834.00روپے اوروائتھ پاک لمیٹڈ کے حصص کی قیمت92.20روپے کے اضافے سے1936.36روپے ہو گئی جبکہ نیلسے پاکستان اور صنوفی ایونٹس کے حصص کی قیمتوں میں بالترتیب 500.00روپے اور55.33روپے کی کمی ریکارڈ کی گئی جس کے سبب نیلسے پاکستان کے حصص کی قیمت10900.00روپے جبکہ صنوفی ایونٹس کے حصص کی قیمت1444.67روپے پر آگئی ۔