۔7 ماہ گزر گئے ،ایم اے فائنل کے نتائج کا اعلان نہیں ہوسکا

201

کراچی(رپورٹ:حماد حسین)جامعہ کراچی کا شعبہ امتحا نات سست روی کا شکار ہے۔7ماہ گزرنے کے باوجود ایم اے (فائنل)اور ایم اے پریویس کے نتائج کا اعلان تاحال نہیں کیا جا سکا۔ذرائع کے مطابق جامعہ کراچی میں نئے ناظم امتحانات کے آنے کے بعد جامعہ کراچی میں پرائیویٹ پروگرامات میں داخلہ لینے والے طلبہ نے سکھ کا سانس لیا تھا کیونکہ گزشتہ برس اساتذہ کے احتجاج کے باعث ان کے پرائیویٹ کے نتائج کا اعلان کئی ماہ بعد کیا گیا تھا۔ذرائع کے مطابق جامعہ کراچی میں ماہ جون2017ء میں ایم اے پرائیویٹ اور ایم اے پریویس کے امتحا نات کا انعقاد کیا گیا تھا۔جس میں 11ہزار سے زائد طلبہ نے حصہ لیا تھا۔ایم اے پرائیویٹ اور ایم اے پریویس میں کل 14مضامین ہوتے ہیں۔تاہم 7ماہ گزرنے کے باوجو دکسی بھی مضمون کے نتائج کا اعلان نہیں کیا گیا ہے جبکہ کچھ مضامین ایسے بھی ہیں جن میں کچھ ہی طلبہ نے امتحانات دیے ہیں۔ جیسا کہ ایم اے فائنل اور ایم اے پریویس کے مضامین عربی میں11طلبہ،جنرل ہسٹری میں 51،فارسی میں 2،فلسفہ میں 29 اور سندھی میں 37طلبہ امتحانات میں شریک ہوئے تھے۔ذرائع کا مزید کہنا تھا کہ ماسٹرز کے کئی طلبہ اس وقت اپنے نتائج کے باعث شدید ذہنی دباؤمیں ہیں کیونکہ ان طلبہ کو اپنے نتائج کے حوالے سے اپنے دفتروں میں مطلع کرنا ہے جس کے بعد ان کی ترقی کے معاملات مزید آگے بڑھیں گے۔واضح رہے کہ گزشتہ سال بھی اسی طرح کی صورت حال پیدا ہوئی تھی جس پر اس وقت کے ناظم امتحانات کا بھی کہنا تھا کہ امتحانات کی کاپیاں جامعہ کے اندر مگر باہر کے اساتذہ سے چیک کرائی جائیں گی ۔

تاکہ وقت پر نتائج کا اعلان کیا جاسکے ۔جامعہ کراچی کے ناظم امتحانات سے اس حوالے سے رابطہ کرنے کی کوشش کی گئی تو انہوں نے کال موصول نہیں کی۔ ڈپٹی ناظم امتحانات ظفر کا کہنا تھا کہ نتائج کے حوالے سے ہم کام کر رہے ہیں ۔پیر سے ہم ان مضامین کے نتائج کا اعلان کریں گے جس میں طلبہ کی تعداد کم تھی، بعدازاں دیگر کا بھی کر دیں گے۔