فائر بریگیڈ کی تباہ حالی کی رپورٹ میئر کراچی کو پیش کردی گئی

138

کراچی ( رپورٹ : محمد انور) بلدیہ کراچی کے محکمہ فائربریگیڈ میں گزشتہ 10برسوں کے دوران ہونے والی بے قاعدگیوں اور بدعنوانی کی رپورٹ میئر کراچی وسیم اختر کو پیش کردی گئی جبکہ رپورٹ پر کارروائی کے بجائے سرد خانے کی نذر کردیا گیا ہے۔ سرکاری ذرائع کے مطابق رپورٹ میں انکشاف
کیا گیا ہے کہ فائر بریگیڈ ڈپارٹمنٹ اس قابل نہیں رہا کہ شہر میں کسی بڑی آتشزدگی کے واقعے پر فوری قابو پایا جاسکے کیونکہ پورے محکمے میں 48 فائر ٹینڈرز میں سے صرف 8 فائر ٹینڈرز درست حالت میں موجود ہیں۔ رپورٹ میں چیف فائر افسر اور سابق سینئر ڈائریکٹر کو محکمے کی تباہی کا ذمے دار ٹھہرایا گیا ہے۔ رپورٹ میں سفارش کی گئی ہے کہ فائر ٹینڈرز کی سالانہ مرمت کا ٹھیکا رکھنے والے کنٹریکٹر کا کنٹریکٹ منسوخ کرنے کے ساتھ اس کے بقایا جات روک لیے جائیں۔ رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ عدالت عظمیٰ کی واضح ہدایت کے باوجود چیف فائر افسر کی حیثیت سے گریڈ 17 کے جونیئر اسٹیشن افسر کو تعینات کیا ہوا ہے جو کہ عدالت کے حکم کی خلاف ورزی ہے۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ فائر بریگیڈ کمیٹی کے منتخب چیئرمین نے یہ رپورٹ ایک ہفتہ قبل میئر سیکرٹریٹ میں جمع کرادی تھی لیکن پتا چلا ہے کہ اب تک اس رپورٹ پر میئر کراچی وسیم اختر کسی قسم کی کارروائی کرنے سے گریزاں ہیں۔