ہیم ٹیکسٹائل نمائش میں پاکستانی مصنوعات کی پذیرائی،بھاری آرڈرز موصول

881

نمائش کو دنیا بھر کے ممالک سے دیکھنے کے لےے آنے والوں کی تعداد 70ہزار سے زائد رہی
کراچی(اسٹاف رپورٹر)جرمنی کے شہر فرینکفرٹ میں ٹیکسٹائل مصنوعات کی سب سے بڑی عالمی نمائش ہیم ٹیکسٹائل گزشتہ روز اختتام پذیر ہوگئی جہاں پاکستانی ٹیکسٹائل مصنوعات کو نہ صرف زبردست پذیرائی حاصل ہوئی بلکہ لاکھوں ڈالرز مالیت کے بر آمدی آرڈرز بھی موصول ہوئے ۔میسے فرینکفرٹ پاکستان کے نمائندے عمر صلاح الدین کے مطابق اس پانچ روزہ عالمی ٹیکسٹائل میلے میں پاکستان سے 216کمپنیوں نے شرکت کی جبکہ نمائش میں مجموعی طور پر 64ممالک کی 2975کمپنیوں نے ٹیکسٹائل مصنوعات کا بھرپور ڈسپلے کیا ،نمائش کو دنیا بھر کے ممالک سے دیکھنے کے لےے آنے والوں کی تعداد 70ہزار سے زائد رہی جس میں بڑی تعداد میں خریدار شامل تھے ۔ہیم ٹیکسٹائل نمائش میں پاکستان سے گل احمد،سفائر،الکرم،باری ٹیکسٹائل،کمال ٹیکسٹائل اور دیگر ممتاز ٹیکسٹائل کمپنیوں نے شرکت کی اور اپنی اپنی مصنوعات کی نمائش کی ،نمائش میں کمپنیوں کی جانب سے ہوم اور کنٹریکٹ ٹیکسٹائلز کے شعبوں میں بھرپور ڈسپلے کیا گیا تھا جہاں بیڈ لینن،میٹرس،باتھ روم ٹیکسٹائل،بیڈنگ ،ٹیبل اور کچن لینن سمیت دیگر مصنوعات شامل تھیں،برطانیہ میں پاکستانی کمرشل کوقونصلر ساجد محمود راجا اور فرینکفرٹ میں پاکستانی کمرشل قونصلر نے بھی نمائش کا دورہ کیا اور پاکستانی ٹیکسٹائل کمپنیوںکی حوصلہ افزائی کی ،بتایا جاتا ہے کہ امریکا،یورپ،مشرق وسطیٰ اور لاطینی امریکا کے خریداروں نے پاکستانی ٹیکسٹائل مصنوعات میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا اور اس موقع پر پاکستانی ٹیکسٹائل کمپنیوں کو بھاری بر آمدی آرڈرز بھی موصول ہوئے ۔