محکمہ موسمیات اب موسم کی پیشن گوئی کے ساتھ ساتھ جہازوں کی نگرانی بھی کرے گا۔اسلام آباد میں جدید ترین آلات اور ریڈار سے لیس ٹاور کی تنصیب کا کام آخری مراحل میں پہنچ گیا۔
وفاقی دارالحکومت کی بلند ترین عمارتوں میں ایک اور اضافہ ہوگیاہے۔بلندیوں کوچھوتے محکمہ موسمیات کے جدید ترین موسمیاتی ٹاور کا 98 فیصد کام مکمل ہو گیا۔
محکمہ موسمیات میں ریڈار تو پہلے بھی نصب ہیں لیکن اس نئے ٹاور میں دْنیا کے جدید ترین ریڈار کے ساتھ پاکستان کے پہلے ونڈ پروفائلر بھی نصب کئے جائینگے۔
ڈھائی ارب روپے کی لاگت سے یہ جدید ترین ٹاور حکومت جاپان کے تعاون سے تیار کیا جا رہا ہے۔ ایسا ہی ایک اور ٹاور کراچی میں بھی بنایا جائے گا۔
محکمہ موسمیات کا یہ جدید ترین ٹاور چار سو کلو میٹر تک موسم کی نگرانی کر سکتا ہے۔اس کی مدد سے محکمہ موسمیات اب افغانستان تک موسم کی کروٹوں پر نظر رکھنے کے ساتھ ساتھ جہازوں کو سکیورٹی بھی فراہم کرے گا۔