پا نچ ماہ میں2017 ءکے دوران صنعتی شعبے کی پیداوار میں غیر معمولی اضافہ

380

سات سو سے زائد اشیا پرریگولیٹری ڈیوٹیز کے نفاذ سے مقامی صنعتوں پر انتہائی مثبت نتائج برآمد ہوئے
تیز ترین تعمیرات اور نجی شعبے کے بلڈرز کی ملک بھر میں بڑھتی ہوئی تعمیراتی سرگرمیوں کے باعث ہوا
کراچی؛ ملک بھر میں سیکورٹی کی صورتحال میں بہتری اور بجلی‘ گیس کی وافر فراہمی کے باعث رواں مالی سال کے ابتدائی 5ماہ جولائی تانومبر2017کے دوران صنعتی شعبے کی پیداوار میں غیر معمولی اضافہ ہوا ہے جبکہ دسمبر2017ءکے اعدادوشمار کے شاندار ہونے کا قوی امکان ہے۔ سرکاری اعدادوشمار کے مطابق آئرن اینڈ اسٹیل کی پیداوار نے تمام شعبوں پر برتری حاصل کرلی ہے جس کی پیداوار میں افزائش 44فیصد ریکارڈ کی گئی ہے۔ چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) پروجیکٹس ‘ وفاقی صوبائی حکومتوں کی جانب سے سالانہ ترقیاتی پروگرامز(پی ایس ڈی پی) کے تحت ہونے والی تیز ترین تعمیرات اور نجی شعبے کے بلڈرز کی ملک بھر میں بڑھتی ہوئی تعمیراتی سرگرمیوں کے باعث آئرن اینڈ اسٹیل مصنوعات کی مانگ میں زبردست اضافہ ہوگیاہے۔ اعدادوشمار کے مطابق صنعتی شعبے میں دوسرے نمبر پر پیداواری افزائش آٹو سیکٹرمیں28فیصد ‘ کوک اور پیٹرولیم میں 22فیصد الیکٹرونکس مصنوعات میں18فیصد جبکہ غیر دھاتی معدنیات اورربڑ مصنوعات دونوں کی پیداواری افزائش15,15فیصد ریکارڈ کی گئی ہے۔ وزارت صنعت وپیداوار کے ذرائع کے مطابق وفاقی حکومت کی جانب سے 700سے زائد اشیا پرریگولیٹری ڈیوٹیز کے نفاذ سے مقامی صنعتوں پر انتہائی مثبت نتائج برآمد ہوئے ہیں اوران کی پیداوار میں نمایاں اضافہ ہوا ہے جس میں سب سے زیادہ آئرن اینڈ اسٹیل مصنوعات کی صنعتوں کوفائدہ پہنچا ہے اور تعمیراتی سرگرمیوں میں درآمدہ مال کی بجائے مقامی مصنوعات استعمال کی جارہی ہیں۔ ذرائع نے بتایا کہ سی پیک کے تناظر میں آئرن اینڈ اسٹیل مصنوعات کے کارخانوں نے جدید ترین مشنری اور ٹیکنالوجی کے ذریعہ اپنی مصنوعات کانہ صرف معیار بلند کیا ہے بلکہ توسیعی پروجیکٹس کی تکمیل سے ان کارخانوں کی پیداوار بھی بڑھی ہیں۔ پیداوار اور فروخت بڑھنے سے پاکستان اسٹاک ایکس چینج(پی ایس ایکس) میں اسٹیل انڈسٹریز اور آٹو موبائل انڈسٹریز کے حصص کی قیمتیں بتدریج بڑھ رہی ہیں اور ان حصص کی خریدوفروخت کے تجارتی حجم میں بھی تسلسل سے اضافہ ہورہاہے۔