حکومت کی معیا د پوری ہونے تک عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتیں75سے80ڈالر فی بیرل تک پہنچ سکتی ہیں

332

کراچی:عالمی مارکیٹوں میں خام تیل کی قیمت دسمبر2014کے بعد پہلی مرتبہ70ڈالر فی بیرل پہنچنے پر وفاقی حکومت کے مالیاتی منیجرز کی مشکلات اور پریشانیوں میں اضافہ کردیاہے۔ آئل مارکیٹ میں سال2018کے آخر تک خام تیل کی قیمت 90ڈالر ہونے کی پیش گوئیاں شروع ہوگئی ہیں تاہم خیال کیا جا رہا ہے کہ مسلم لیگ کی موجودہ حکومت کی معیا د پوری ہونے تک عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتیں75سے80ڈالر فی بیرل تک پہنچ سکتی ہیں۔ واضح رہے کہ سال2017کے دوران عالمی مارکیٹوں میں خام تیل کی اوسط قیمت54ڈالر رہی تھی۔ امریکہ کی انرجی انفارمیشن ایڈمنسٹریشنز(ای آئی اے) کاتخمینہ ہے کہ رواں کیلنڈر سال2018کے دوران عالمی مارکیٹوں میں خام تیل کی اوسط60ڈالر اور سال 2019کے دوران61ڈالر فی بیرل رہے گی۔ مقامی ماہرین اقتصادیات کاکہناہے کہ رواں ماہ جنوری2018کے لئے وفاقی حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں زیادہ اضافہ کیاتھا جس پر اپوزیشن جماعتوںنے حکومت کوزبردست تنقید کا نشانہ بنایاتھا۔ خام تیل کی قیمتیں مزید بڑھنے سے درآمد بل میں اضافہ اور سرکاری ملکی زرمبادلہ کے ذخائر میں کمی ہوگی جبکہ تجارتی اور جاری کھاتے کے خسارے مزید بڑھیں گے جس سے مہنگائی سمیت کئی مسائل ابھریں گے۔