پاکستان اسٹاک : میں تیزی،انڈیکس 592.19 پوائنٹس کا اضافہ

497

مارکیٹ سرمایہ میں 79 ارب 34 کروڑ روپے، شیئرزکی خرید و فروخت میں 3 کروڑ سے زائد شیئرز کا اضافہ ہوا
بینکنگ،سیمنٹ،کمیونیکیشن،ٹیلی کام،گیس،اسٹیل،آٹوموبائل سیکٹر میں خریداری کا سلسلہ جاری ،انڈیکس592.19 پوائنٹس اضافے سے 42939.68 پوائنٹس پر بند
کراچی(اسٹاف رپورٹر) پاکستان اسٹاک ایکس چینج میں تیزی کا رجحان رہا، کے ایس ای 100 انڈیکس 592.19 پوائنٹس کے اضافے سے 42939.68 پوائنٹس پر بند ہوا، مارکیٹ سرمایہ میں 79 ارب 34 کروڑ روپے سے زائدکا اضافہ ہوا، تجارتی حجم میں تیزی رہی جبکہ شیئرزکی خرید و فروخت میں 3 کروڑ سے زائد شیئرز کا اضافہ دیکھا گیا۔ تفصیلات کے مطابق کاروباری ہفتے کے دوسرے روز منگل کو پی ایس ایکس میں تیزی کا رجحان رہا اور کے ایس ای 100 انڈیکس 42400، 42500، 42600، 42700، 42800 اور 42900 پوائنٹس کی چھ بالائی نفسیاتی حدیں عبور کرگیا۔سرمایہ کاروں کی جانب سے سرگرم شیئرز کی خریداری میں دلچسپی کی وجہ سے مارکیٹ بلندی کی جانب گامزن رہی اورانہوں نے بینکنگ،سیمنٹ،کمیونیکیشن،ٹیلی کام،گیس،اسٹیل،آٹوموبائل سیکٹر میں خریداری کا سلسلہ جاری رکھا۔کے ایس ای100 انڈیکس592.19 پوائنٹس اضافے سے 42939.68 پوائنٹس پر بند ہوا جبکہ کے ایس ای 30 انڈیکس بھی 392.94 پوائنٹس کی تیزی سے 21753.28 پوائنٹس،کے ایس سی آل شیئر انڈیکس میں 282.26 پوائنٹس بڑھ کر30847.34پوائنٹس اور کے ایم آئی 30 انڈیکس میں 1087.36 پوائنٹس کی تیزی سے72515.14پوائنٹس پر پہنچ گیا۔ مارکیٹ میں مجموعی طور پر 357 کمپنیوں کے حصص کا لین دین ہوا جن میں سے 227 کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں تیزی، 115 کمپنیوں کے حصص کے بھاﺅ میں مندی اور 15 کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں استحکام رہا۔ مجموعی طور پر 16 کروڑ 8 لاکھ 83 ہزار 230 حصص کا کاروبار ہوا جبکہ گزشتہ روز پیرکو13 کروڑ4 لاکھ79 ہزار990 شیئرز کے سودے ہوئے تھے۔ مارکیٹ کامجموعی سرمایہ 79 ارب 34 کروڑ 59 لاکھ 95 ہزار 451 روپے بڑھ کر 88 کھرب 80 ارب 48 کروڑ 38 لاکھ 66 ہزار 694 روپے ہو گیا۔ سب سے زیادہ تیزی بھنیرو ٹیکسٹائل کے حصص کی قیمت میں ہوئی جو 41.97 روپے کے اضافے سے 881.95 روپے پر بند ہوئی۔ اسی طرح پاک ٹوبیکو ایکس ڈی کے حصص کے سودے بھی 39.92 روپے کی تیزی سے 2132.65 روپے پر بند ہوئے۔ سب سے زیادہ مندی نیسلے پاکستان ایکس ڈی اور سانوفیل ایونٹس کے حصص کی قیمتوں میں ہوئی۔ نیسلے پاکستان ایکس ڈی کے حصص کی قیمت 399.98 روپے کی مندی سے 10500.02 روپے اور سانوفیل ایونٹس کے حصص کی قیمت بھی 52.85 روپے کی کمی سے 1342.01 روپے رہ گئی۔ سب سے زیادہ کاروبار پی آئی اے سی (اے) کے حصص میں ہوا جو 1 کروڑ 57 لاکھ 52 ہزار 500 شیئرز رہا جس کی قیمت 5.74 روپے سے شروع ہو کر 5.72 روپے پر بند ہوئی جبکہ فیصل بینک کے 1 کروڑ 16 لاکھ 61 ہزار 500 حصص کے سودے 23.65 روپے سے شروع ہو کر 24.19 روپے بند ہوئے۔