پہلا ویمن انٹر پرینیور فیسٹیول 19جنوری کومنعقد ہو گا،فیصل آباد چیمبر

421

تحقیقی سائنسی اداروں نے گراں قدر ایجادات اور ٹیکنالوجی دریافت کی ہیں ثمرات انڈسٹری تک نہیں پہنچ سکے
مذکورہ فیسٹیول کے انعقاد کے لےے بڑی تعداد میں ا سٹالز کی بکنگ کا عمل مکمل کر لیا گیا ہے
فیصل آباد”فیصل آباد ویمن چیمبر آف کامرس ، جامعہ زرعیہ اور ایوان صنعت و تجارت کے اشتراک سے پہلا ویمن انٹر پرینیور فیسٹیول 19جنوری جمعہ کو منعقد ہو گا جبکہ بین الاقوامی سطح کی نمائشوں کے شایا ن شان انعقاد کے لےے جامعہ زرعیہ میں ا سٹیٹ آف دی آرٹ ایگزیبیشن سینٹر قائم کر دیا گیا ہے، جہاں مذکورہ فیسٹیول کے انعقاد کے لےے بڑی تعداد میں ا سٹالز کی بکنگ کا عمل مکمل کر لیا گیا ہے اور بڑے پیمانے پر ملکی و غیر ملکی خریداروں کی آمد کے پیش نظر تمام تر ضروری انتظامات بھی مکمل کر لےے گئے ہیں، اس سلسلہ میں فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر شبیر حسین چاولہ نے کہا کہ بلاشبہ فیصل آباد کے تحقیقی سائنسی اداروں نے گراں قدر ایجادات اور ٹیکنالوجی دریافت کی ہیں لیکن ان کے ثمرات انڈسٹری تک نہیں پہنچ سکے جس کی بڑی وجہ انڈسٹری اور اکیڈیمیا میں رابطوں کا فقدان ہے، انہوں نے بتایا کہ اس سلسلہ میں فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں انڈسٹری اکیڈیمیا لنکیجز کے نام سے ڈاکٹر حبیب اسلم گابا کی سربراہی میں کمیٹی بھی قائم کی گئی ہے،فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری لاہور میں ایک بین الاقوامی معیار کی ”میڈ ان فیصل آباد “نمائش کا اہتمام کر رہا ہے جس میں بڑے پیمانے پر ملکی اور غیر ملکی خریداروں کی آمد متوقع ہے، انہوں نے اس نمائش میں جامعہ زرعیہ کو مفت اسٹال دینے کی بھی پیشکش کی، جامعہ زرعیہ کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد ظفر اقبال نے بتایاکہ فیصل آباد میں بین الاقوامی سطح کی نمائشوں کے انعقاد کے لےے جامعہ زرعیہ کا جدید ایگزیبیشن سینٹر تیار ہے لہٰذا اس سلسلہ میں فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری اور دوسری صنعتی و تجارتی تنظیموں کو اس سہولت سے فائدہ اٹھانا چاہیے، انہوں نے کہا کہ یہ بات باعث اطمینان ہے کہ فیصل آباد کے صنعتکار عالمی معیار کی مصنوعات تیار کر رہے ہیں جنہیں دنیا بھر میں منفرد حیثیت حاصل ہے، انہوں نے کہا کہ ان مصنوعات کو عالمی منڈیوں میں متعارف کرانے کے لےے بڑے پیمانے پر نمائشوں کا انعقاد ہونا چاہیے جس کے لےے جامعہ زرعیہ کا ایگزیبیشن سینٹر موجود ہے، فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی طرف سے چیمبر میں جامعہ زرعیہ کے ڈیسک کے قیام کی تجویز پر وائس چانسلر نے کہا کہ اس کے بجائے چیمبر اور جامعہ زرعیہ کی ایک مشترکہ کمیٹی قائم کی جائے جس کے سہ ماہی اجلاسوں میں باہمی دلچسپی کے معاملات پر گفت و شنید کی جاسکتی ہے۔