بھارت کی بلا اشتعال فائرنگ

287

بھارتی فوج نے ایک مرتبہ پھر پاکستانی علاقے میں بلا اشتعال فائرنگ کرکے چار پاکستانی جوانوں کو شہید کردیا۔ پاکستان کی جوابی فائرنگ سے 3 بھارتی فوجی بھی مارے گئے۔ بھارت کے بارے میں اکثر کہاجاتا ہے کہ وہ بلا اشتعال فائرنگ یا حملے کرتا ہے لیکن ایک اہم نکتہ محل نظر رہنا چاہیے کہ بھارت کی کوئی بھی کارروائی صرف بلا اشتعال نہیں ہوتی بلکہ منصوبہ بندی ہوتی ہے۔ حالیہ کارروائی بھی محض بلا اشتعال نہیں تھی بلکہ اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کی بھارت یاترا اور بھارت اسرائیل تعاون کے سمجھوتوں کی روشنی میں یہ بات سمجھ میں آرہی تھی کہ بھارتی حکومت پاکستان کو دھمکانا چاہتی ہے اور دوسری بات یہ کہ پاکستان کی جانب سے ایٹمی ہتھیاروں کے بارے میں جو کہا گیا تھا کہ یہ بھارت کے لیے ہیں وہ فائرنگ اس کا بھی ہلکا سا جواب ہے کہ پہلے اس فائرنگ سے تو بچو پھر ایٹمی ہتھیاروں کی بات کرنا۔ پاکستانی حکومت اور فوج کو بھی بھارت کے ڈراموں پر ہر وقت نظر رکھنی چاہیے۔ اگرچہ کوٹلی میں پاک فوج چوکس تھی اس لیے بروقت جوابی کارروائی کے نتیجے میں بھارت کو پسپا کردیا لیکن بین الاقوامی اور بلاغی محاذ پر پاکستان کی سرگرمی نہایت پھس پھسی ہے۔ اس جانب خصوصی توجہ دینے کی ضرورت ہے۔