تجارتی تنازعات کے جلد حل کیلئے ٹریڈ ڈسپیوٹ ریزولوشن کمیشن کا قیام عمل میں لایا جائے گا ۔ سجاد حسین

537

نئے قانون پر عمل درآمد یقینی بنایا جائے جس سے کارباری سرگرمیوں کو بہتر فروغ ملے گا۔ شیخ عامر وحید
اسلام آباد (کامرس ڈیسک) ٹریڈ ڈسپیوٹ ریزولوشن آرگنائزیشن کے حکام نے اسلام آباد چیمبر آف کامرس کا دورہ کیا اور تاجر برادری کو تجارتی تنازعات کے بہتر حل کیلئے بنائے جانے والے نئے قانونی ڈرافٹ پر تفصیلی پریزنٹیشن دی۔ شرکاءکو بتایا گیا کہ نئے بنائے جانے والے قانون کے تحت ایک ٹریڈ ڈسپیوٹ ریزولیشن کمیشن کا قیام عمل میں لایا جائے گا جو انتظامی طور پر وزارت تجارت کے ماتحت کام کرے گا ۔ مذکورہ کمیشن کو سول کورٹ کے مساوی اختیارات حاصل ہوں گے اور وہ گڈز و سروسز کی برآمدات درآمدات سمیت ای کامرس کے تحت برآمدات و درآمدات کے بارے میں تجارتی تنازعات کو موثر طور پر حل کرنے میں معاون ثابت ہو گا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ٹریڈ ڈسپیوٹ ریزولوشن آرگنائزیشن (ٹی ڈی آر او) کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر جنرل سجاد حسین نے کہا کہ تنازعات کے بارے میں نیا قانون بنانے کا مقصد ایسا نظام فراہم کرنا ہے جو تجارتی تنازعات کو جلد اور موثر طور پر حل کرنے میں معاون ثابت ہو۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں تجارت کو فروغ دینے، تمام تجارتی مفادات کو بہتر تحفظ فراہم کرنے اور عالمی سطح پر پاکستان کے مقام کو بہتر کرنے کیلئے نیا قانون بنانا وقت کی اشد ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیا قانون انٹرنیشنل ٹریڈ کے تنازعات کو جلد اور بہتر انداز میں حل کرنے میں معاون ثابت ہو گا کیونکہ اس میں بات چیت اور ثالثی سمیت مختلف طریقوں کے ذریعے تنازعات کو حل کرنے کے مواقع فراہم کئے جائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ نئے قانون کے تحت تنازعہ میں شامل بیرونی پارٹیوں کو دیڈیو کانفرسنگ کے ذریعے بھی اپنا موقف پیش کرنے کا موقع فراہم کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ اس قانون کے تحت کمرشل بینچوں کو بھی تنازعات ریفر کرنے کی سہولت ہو گی۔ سجاد حسین نے کہا کہ ٹی ڈی آر سی کے فیصلوں کو بیرونی ممالک میں تسلیم کئے جانے کے انتظامات کیلئے بھی کوششیں جاری ہیں۔ تاہم انہوں نے کہا کہ اگر کوئی بیرونی کمپنی ٹی ڈی آر سی کے فیصلے کو تسلیم نہیں کرے گی تو اس کو پاکستان میں کاروبار کیلئے بلیک لسٹ کر دیا جائے گا۔انہوںنے کہا کہ ٹی ڈی آر سی چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کو ثالثی سمیت دیگر معاملات میں ضروری تربیت بھی فراہم کرے گا تا کہ وہ تجارتی تنازعات کو حل کرانے میں اپنا مفید کردار ادا کر سکیں۔ انہوں نے تاجر برادری پر زور دیا کہ وہ ڈرافٹ لا ءکو مزید بہتر کرنے کیلئے اپنی تجاویز دیں۔ٹریڈ ڈسپیوٹ ریزولوشن آرگنائزیشن کے ڈائریکٹر جنرل کوثر علی زیدی، دائریکٹرز لئیق دراز خان اور ارشاد احمد اور کنسلٹنٹ مظہر بنگش بھی اس موقع پر موجود تھے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر شیخ عامر وحید نے کہا کہ تجارتی تنازعات کے بہتر حل کیلئے نئی قانون سازی حکومت کا قابل ستائش اقدام ہے۔ انہوں نے کہا کہ نئے قانون پر عمل درآمد کو یقینی بنایا جائے جس سے کاروباری سرگرمیوں کو بہتر فروغ ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ نیا قانون ایک جامع قانون ہونا چاہیے جس میں تجارتی تنازعات کو حل کرنے کے تمام جدید طریقے شامل ہوں اور ٹریڈ ڈسپیوٹ ریزولوشن کمیشن کے فیصلوں کو عالمی سطح پر بھی تسلم کیا جائے جس سے پاکستان کے درآمد و برآمدکنندان کے کاروباری مفادات کا بہتر تحفظ ہو گا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ تاجر برادری نے نئے قانونی ڈرافت کو مزید بہتر کرنے کیلئے جو تجاویز وسفارشات پیش کی ہیں قانون کو حتمی شکل دیتے وقت ان پر ضرورت غور کیا جائے اور ان سفارشات کو قانون میں شامل کیا جائے۔اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سینئر نائب صدر محمد نوید اور نائب صدر نثار مرزا نے ٹریڈ ڈسپیوٹ ریزولوشن آرگنائزیشن کے حکام کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے تجارتی تنازعات کے حل کیلئے نئے قانونی ڈرافت پر تاجر برادری کو تفصیلی پریزنٹیشن دی اور ان کی سفارشات کو تفصیل سے سنا۔ تاجر برادری کے نمائندگان نے اس موقع پر قانونی ڈرافت کو مزید بہتر کرنے کیلئے مفید تجاویز و سفارشات پیش کیں اور ان کو قانون کا حصہ بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔