سانحہ ماڈل ٹاؤن کے قاتلوں کو گرفتار کیا جائے، نعمان احسن ملک

154

فیصل آباد (وقائع نگار خصوصی) جماعت اسلامی حلقہ پی پی 67 کے امیر نعمان احسن ملک، جنرل سیکرٹری میاں بلال انور، یوسف گل پراچہ، افتخار علی، میاں اجمل حسین بدر ایڈووکیٹ اور دیگر نے کہا کہ پنجاب حکومت کے عہدیداران سانحہ قصور اور ماڈل ٹاؤن پر اپنی ناکامیوں کو تسلیم کرتے ہوئے استعفا دیں، احتجاج کرنا ہر سیاسی جماعت کا حق ہے، ہر سیاسی جماعت کا اپنا پلان اور لائحہ عمل ہے، لیکن جماعت اسلامی اس مطالبے میں شامل ہے کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کے قاتلوں کو گرفتار کیا جائے، قصور میں معصوم بچی زینب کے ساتھ جو ہوا وہ اس درندہ نظام کی پیداوار ہے۔ پانچ دن بعد اس کی لاش کوڑے دان سے ملی، شرم کی بات یہ ہے کہ احتجاج کرنے پر عوام کو مزید دو لاشوں کے تحفے دیے گئے۔ موجودہ نظام میں ہمارے بچے تک محفوظ نہیں، وجہ کرپٹ سیاسی نظام ہے۔ ماڈل ٹاؤن میں لوگ دن کی روشنی میں شہید کیے گئے، باعث افسوس و شرم کی بات ہے کہ ان کے قاتل اب تک گرفتار نہیں ہوئے، انہیں سزا نہیں ہوئی۔ جماعت اسلامی روز اول سے ان کے اس مطالبے کے حق میں ہے کہ کوئی سیاسی یا غیر سیاسی، مشیر ہو یا وزیر جو بھی اس قتل میں ملوث ہیں ان کو گرفتار کیا جائے۔