عالمی برادری مقبوضہ کشمیر میں پُرتشدد کارروائیوں کا نوٹس لے، سردار ظفر

224

فیصل آباد (وقائع نگار خصوصی) جماعت اسلامی کے رہنماؤں سردار ظفر حسین خان ایڈووکیٹ، رانا وسیم احمد، محبوب الزماں بٹ، غلام عباس خان اور انجینئر عظیم رندھاوا نے بھارتی فورسز کے ہاتھوں مقبوضہ کشمیر میں مظاہروں کے دوران 6 افرادکی شہادت کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں حالات کشیدہ ہوتے جارہے ہیں۔ ضرورت اس بات کی ہے کہ عالمی برادری مقبوضہ کشمیر میں ہندوستانی فوج کی جانب سے مظالم اور پُرتشدد کارروائیوں کا فوری نوٹس لے، کشمیر پاکستان کی بقا کا مسئلہ ہے۔ قائد اعظم محمد علی جناحؒ نے کشمیر کو پاکستان کی شہ رگ قرار دیا تھا۔ مسئلہ کشمیر کے پائیدار حل تک جنوبی ایشیا میں امن قائم نہیں ہوسکتا۔ حکومت پاکستان کو چاہیے کہ وہ اپنی خارجہ پالیسی کو از سر نو تشکیل دے۔ بھارت نواز پالیسیوں نے ملک وقوم کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا ہے۔ بھارت اور اسرائیل ہمارے ازلی دشمن ہیں۔ وہ پاکستان کو نقصان پہنچانے کا کوئی بھی موقع ہاتھ سے جانے نہیں دیتے۔ بھارت اور اسرائیل دنیا کا امن تباہ و برباد کرنا چاہتے ہیں۔