کراچی ( رپو رٹ:منیر عقیل انصاری) جسارت لیبر فور م نے حکومت سندھ کی جانب سے پچھلے دنوں ہونے والی پہلی سہ فریقی لیبر کانفرنس کو خوشامدیوں کی کانفرنس قرار دے دیتے ہو ئے کہا ہے کہ اس کانفرنس میں مزدور یونینوں کے رہنماؤں کے بجائے‘ بیورو کریٹس اور مشیر وں کی بڑی تعداد شریک تھی۔ نام نہاد لیبر کانفرنس میں مزدوروں کے حقوق کے حوالے سے کوئی لیبر پالیسی نہیں بنائی گئی۔ پاکستان کا مزدور ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے لیکن ہمیشہ سے مزدوروں کو نظرانداز کیا گیا۔ 14 اگست ہو یا 23مارچ ان موقعوں پر جرنیلوں‘ بیورو کریٹس ‘ سرمایہ داروں ‘ فنکاروں‘ سیاست دانوں اور صحافیوں کو ایوارڈ سے نوازا جاتا ہے لیکن آج تک کسی حکومت نے مزدور کو ایوارڈ نہیں دیا۔ مزدوروں نے اپنے آپ کو اگر زندہ رکھنا ہے تو اس کے لیے مزدوروں کو میدان عمل میں نکل کر جدوجہدکرنی ہو گی، بصورت دیگر آئندہ آنے والی نسلیں روٹی‘ کپڑا اور مکان سے محروم ہوجائیں گی۔ ان خیالات کا اظہار ممتاز مزدور رہنما ؤں نے جسارت لیبر فورم کے زیراہتمام جمعیت الفلاح میں منعقدہ مذاکرہ بعنوان’’ حکومت سندھ کی سہ فریقی لیبر کانفرنس محنت کشوں کی نظر میں ‘‘سے اظہا ر خیال کرتے ہوئے کیا۔ روزنامہ جسارت کا صفحہ محنت جنوری 1991ء سے ہر پیر کو باقاعدگی سے شائع ہورہا ہے جس میں آجر، اجیر، حکومتی نمائندوں اور دیگر کی خبریں بلا امتیاز شائع کی جاتی ہیں۔جسارت صفحہ محنت کی مسلسل اشا عت کا 28واں سال مکمل ہو نے پر مذاکرے کا اہتمام کیا گیا۔جسار ت لیبر فورم میں 40 سے زائد مزدور تنظیموں کے رہنما موجود تھے۔ جن میں نیشنل لیبر فیڈریشن کراچی کے صدر عبدالسلام ‘ سینئر وکیل ایم اے کے عظمتی ایڈووکیٹ، تحریک انصاف لیبر یو نین کراچی کے صدر سر بلند خان‘ سینئر مزدور رہنما منظوراحمد رضی‘ سید حمید احمد، آل پاکستان لیبر رائٹس ایکشن کمیٹی کے ریاض اختر اعوان‘ سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھا رٹی کنٹر یکٹ اینڈ ڈیلی ویجز کے صدر یعقوب احمدشیخ،سائٹ لیبر فورم کے سید اسرار احمد، ریاض احمد عبا سی ،جسارت انچارج صفحہ محنت قاضی سراج الدین ،جسارت لیبر فورم کے کوآرڈینیٹر منیر عقیل انصاری سمیت دیگر مزدور نمائندوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔ نیشنل لیبر فیڈریشن کراچی کے صدر عبدالسلام نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سہ فریقی لیبر کانفرنس کا مقصد مزدوروں کے لیے نئی پالیسی بنانا ہوتا ہے جس سے مزدوروں کو فائدہ ہوسکے لیکن حکومت سندھ کی جانب سے منعقد ہونے والی پہلی لیبر کانفرنس جس میں وزیر مشیر اور بیورو کریٹس اور خوشامدیوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔ سہ فریقی لیبر کانفرنس میں مزدوروں کے نام پر کروڑوں روپے قومی خزانے سے لوٹے گئے۔ تحریک انصاف لیبر یو نین کراچی کے صدر سر بلند خان نے جسارت لیبر فورم سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں سب سے زیادہ مزدور طبقہ استحصال کا شکار ہے۔ آج ملک کو مزدور انقلاب کی ضرورت ہے ہمیں متحد ہوکر مزدوروں کے لیے جدوجہد کرنے کی ضرورت ہے۔جسارت پاکستان کا واحد اخبار ہے جو مزدوروں کے حوالے سے مکمل صفحہ شائع کرتا ہے۔