بھارت سرحدی علاقوں کے لوگوں کو ظلم کا نشانہ بنارہا ہے، عبدالقدوس بزنجو

169

کوئٹہ (وقائع نگار خصوصی) وزیر اعلیٰ بلوچستان میرعبدالقدوس بزنجو نے بھارتی افواج کی جانب سے ورکنگ باؤنڈری پر جارحیت اور بلاجواز فائرنگ کے واقعات کے تسلسل کی شدید الفاظ میں مذمت اور فائرنگ کے نتیجے میں دو خواتین کے شہید ہونے پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ اپنے بیان میں وزیر اعلیٰ نے کہا ہے کہ بھارت بین الاقوامی قوانین کی پامالی کرتے ہوئے لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی کرکے سرحدی علاقوں کے بے گناہ لوگوں کو اپنے ظلم کا نشانہ بنارہا ہے، جس کا عالمی برادری کو نوٹس لینا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کی ننگی جارحیت کا مقصد کشمیر میں اپنے ظلم ومظالم سے دنیا کی توجہ ہٹانا ہے۔ وزیر اعلیٰ نے رینجرز کی جانب سے بھارتی افواج کو بھرپور جواب دینے پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاک افواج بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہیں۔ لہٰذا بھارتی قیادت کو کسی قسم کی غلط فہمی میں نہیں رہنا چاہیے اور پاکستانی قوم کے پختہ عزم اور پاک افواج کی جرأت مندی کے حوالے سے کسی کوکوئی شک نہیں ہونا چاہیے۔ وزیر اعلیٰ نے شہید خواتین کے لواحقین سے تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔